Tuesday , 16 October 2018
بریکنگ نیوز
Home » فلمی دنیا » 60 ویں فلم فےئر ایوارڈس
60 ویں فلم فےئر ایوارڈس

60 ویں فلم فےئر ایوارڈس

شاہد کپور بہترین اداکار اور کنگنا راناوت کو بہترین اداکارہ کا خطاب
ہندوستانی فلمی صنعت کیلئے آسکر کا درجہ رکھنے و الے فلم فیر ایوارڈس کی 60 ویں سالانہ تقریب 31 جنوری کی شام منعقد کی گئی تھی جس میں سال 2014 کیلئے فلم ’’کوئن‘‘ کو بہترین فلم کا خطاب دیا گیا یہی نہیں کشمیر کے حالات پر مبنی فلم ’’حیدر‘‘ میں بہترین اداکاری کیلئے شاہد کپور کو بیسٹ ایکٹر کے خطاب سے نوازا گیا جبکہ فلم کوئن میں اداکارہ کیلئے کنگنا راناوت کو بہترین اداکارہ کا ایوارڈ دیا گیا شیکسپئر کے ڈرامے ’’ہیلمٹ‘‘ پر مبنی فلم حیدر وشال بھردواج کی ہدایت میں تیار کی گئی ہے جس میں شاہد کپور نے حیدر کا رول کیا ہے ۔ ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد شاہد نے کہاکہ اس کویقین نہیں ہورہا ہے کہ ٹرافی اس کے ہاتھ میں ہے۔ بہترین اداکارہ کا ایوارڈ دینے کیلئے جب کنگنا راناوت کا نام لیا گیا تو وہ موجود نہیں تھیں۔ جسم کی نمائش کے ذریعہ مقبولیت حاصل کرنے والی کنگنا کسی ایوارڈ تقریب میں نہیں جاتی ہے ۔ ریکھا نے یہ ایوارڈ ہدایت کار وکاس بہل کو سونپا جو کنگنا کی طرف سے یہ ایوارڈ حاصل کرنے اسٹیج پر آئے تھے۔ کنگنا کو جس فلم کوئن کیلئے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ دیا گیا اس فلم کیلئے وکاس بہل کو بہترین ڈائرکٹر کا خطاب بھی دیاگیا اور فلم کو 2014 کی بہترین فلم کے خطاب سے بھی نوازا گیا۔ جب اس کا اعلان کیا گیا تو ڈائرکٹرس انوراگ کیشپ اور وکاس بہل اسٹیج پر پہنچ کر فلم کے ایک گیت پر رقص کرنے لگے ۔ فلمساز وکرمادتیہ ،موٹووانے جذباتی ہوگئے انہوں نے کہا کہ مالی پریشانیوں کے باوجود انہوں نے یہ فلم مکمل کی فلم فیر کی جانب سے نقادوں کی بہترین اداکارہ کا ایوارڈ عالیہ بھٹ کو فلم ہائی وے کیلئے دیا گیا عالیہ بھی ایوارڈ حاصل کرتے وقت جذباتی ہوگئی۔ انوراگ کیشپ نے عالیہ کو ٹرافی پیش کی۔ اسی طرح نقادوں کا بہترین اداکار کاایوارڈ سنجے مشرا کو فلم آنکھوں دیکھی کیلئے دیا گیا ۔ نقادوں کی بہترین فلم کا ایوارڈ بھی آنکھوں دیکھی کو دیاگیا جس کو رجت کپور نے بنایا ہے۔
معاون اداکار اور اداکارہ دونوں ایوراڈس فلم حیدر میں اداکاری کیلئے کے کے مینن اور تبو کو دیا گیا بہترین نیا چہرہ کا ایوارڈ پاکستانی اداکار فواد خان کو دیاگیا جنہوں نے فلم خوبصورت میں سونم کپور کے ساتھ کام کیا ہے۔ بہترین نیاچہرہ (خاتون) کا ایوارڈ کیرتی سانون نے حاصل کیا ۔ کیرتی نے ’’ہیروپنتی‘‘ سے اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز کیا ہے۔ بہترین نئے ڈائرکٹر کا ایوارڈ ابھیشیک ورما نے فلم ’’2 اسٹیٹس‘‘ کیلئے حاصل کیا۔ ارجن کپور اور عالیہ بھٹ نے اس فلم میں اہم رول ادا کئے ہیں۔ کارنامہ حیات ایوارڈ ماضی کی مشہور اداکارہ کامنی کوشل کو دیا گیا ۔ دیا مرزا نے اس کااعلان کیا اور جیہ بچن کو ایوارڈ پیش کرنے کیلئے اسٹیج پر مدعو کیا گیا ۔ جیہ بچن نے کہا کہ کامنی کوشل 70 برس سے انڈسٹری میں ہیں اور فلم فیر کی یہ 60 ویں سالانہ تقریب ہے بچن نے کہا کہ کامنی کوشل کو وہ اپنی ساس کی طرف سے جانتی ہیں ۔ لاہور میں دونوں کافی دنوں تک ساتھ رہے تھے۔
بہترین گلوکار کا ایوارڈ فلم ’’ایک ویلن‘‘ کے مشہور گیت ’’گلیاں تیری گلیاں‘‘ کیلئے انکت تیواری کو دیا گیا۔ ارجن کپور اور کرن جوہر نے یہ ایوارڈ پیش کیا۔ اسی طرح بہترین گلوکارہ کا ایوارڈ کینکا کپور کو فلم راگنی ایم ایم ایس کے گیت ’’بے بی ڈولفر‘‘ کیلئے دیا گیا۔ اس ایوارڈ کیلئے شریا گھوشال کو گیت منوالا گے ‘‘ ہیپی نیو ایئر‘‘ کیلئے بھی نامزد کیا گیا تھا لیکن ان کو ایوارڈ نہ مل سکا ۔ بہترین ڈانس ڈائرکٹر کا خطاب احمد خان نے فلم ’’کک‘‘ کے گیت ’’جمعہ کی رات ہو…….‘‘کیلئے حاصل کیا۔ایوارڈ تقریب میں فلمی ستاروں کی کافی تعداد موجود تھی ۔ اس مرتبہ تقریب کی میزبانی کرن جوہر عالیہ بھٹ اور کامیڈین کپل شرما نے کی۔ تقریب کا آغاز رنبیر کپور کے مظاہرہ سے ہوا ۔ ورون دھون نے اپنے مظاہرے میں شمی کپور، سمن، گوئیندہ کے گیتوں پر رقص کیا۔شردھا کپور نے دکھادیا کہ وہ بہترین ڈانس بھی کرتی ہے تاہم سامعین دیپیکا پڈوکون کے ساتھ سلمان، کرن جوہر،کپل شرما کے رقص سے خوب محظوظ ہوئے۔ تقریب میں شاہ رخ، اکشے کمار، اجے دیوگن بھی موجود تھے ۔

Comments

comments