Wednesday , 12 December 2018
بریکنگ نیوز
Home » قارئین کے خطوط » قارئین کے خطوط
قارئین کے خطوط

قارئین کے خطوط

محترمی ایڈیٹر صاحب
السلام علیکم10ستمبر کو میں سبزی باغ گیا تو وہاں آفتاب بکڈپو میں’’ وقارِ ہند‘‘کو پہنچا دیکھ کر بہت خوش ہوا اور دوکان مالک نے بھی کہا کہ آپ کا میگزین آگیا ہے۔مجھے یہ دیکھ کر کافی خوشی ہوئی کہ’’ وقارِ ہند‘‘ اب وقت پر پٹنہ پہنچنے لگا ہے اس کیلئے آپ تمام حضرات مبارکباد کے مستحق ہیں۔
محمد عارش ملک۔پٹنہ‘بہار
محترم ایڈیٹر صاحب ’’وقارِہند‘‘
السلام علیکم ستمبر2016کاشمارہ اس وقت میرے ہاتھوں میں ہے بہت ہی اچھا اور شاندار ہے سرورق بہت ہی دیدہ زیب ہے۔ اداریہ میں جذبہ قربانی بہت پسند آیا۔اس طرح اسلامیات‘سرمایہ ادب‘کھیل‘گوشہ نسواں اور تاریخ وسیاحت کے مضامین مجھے اچھے لگے۔ اس ماہ بزم اطفال میں مجھے یہ چھوٹے چھوٹے افسانے بہت بہت پسند آئے۔اگست کے شمارہ میں حج کے مضامین پر اثر اور بہت معلوماتی تھے میں سمجھتا ہوں ہر عازم کو ان مضامین پڑھنا اور نوٹ کرنا چاہیئے۔اس سے پہلے کے دو شماروں میں آپ نے اسلامیات میں رمضان اور شوال پر جو مضامین شائع کیئے وہ بہت اچھے لگے اور اس سے بہت فائدہ ہوا۔ منتخب اشعار ہر ماہ پابندی سے شائع کیجئے گا۔
سید معین الدین حبیب‘گولکنڈہ
مکرمی و محترمی ایڈیٹر صاحب
تسلیمات’’وقارِ ہند‘‘ کے جملہ اسٹاف کو عید الاضحیٰ کی پر خلوص مبارکباد۔ قربانی ایک ایسا لفظ ہے جو اگرچہ دیتا انسان ہے لیکن یہ واسطہ کسی اور سے ہوتا ہے اللہ تعالیٰ نے پیغمبر اسلام حضرت ابرہیم علیہ السلام سے ان کے بیٹے حضرت اسمعیل علیہ السلام کی قربانی مانگی۔ حضرت ابراہیم ؑ اللہ تعالیٰ کے اس امتحان میں پورے اُترے اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے حضرت اسمعیل علیہ السلام کی جگہ ایک دُنبہ رکھوایا۔عام مسلمانوں پر اس کی تقلید لازم کردی۔ رشید انصاری کا مضمون‘ دلچسپ دُنیا‘خصوصی رپورٹ‘مسلم دُنیا‘اسلامیات‘مسلم سلاطین کے مضامین اور صفحات کی ترتیب لائق ستائش ہے۔
محمد عبدالواحد۔پدا پلی
محترمی مدیر ’’ وقارِہند‘‘ آداب
امید ہے کہ حسب معمول بخیر عافیت ہوں گے۔’’ وقارِ ہند‘‘ کا نیا شمارہ ملا جو اچھا لگا‘ اکتوبر کے شمارہ کا بے چینی سے انتظار رہیگا۔ستمبر کے شمارہ کا سرورق ایک عظیم خاتون کھلاڑی کو خراج تحسین پیش کررہا تھا جو اچھا لگا۔اسلامیات کے تحت عید الاضحی سے متعلق مضامین کو کافی جگہ دی گئی ہے۔ دینا بھی چاہیئے۔مضامین معیاری اور معلوماتی رہے۔سرمایہ ادب میں اب جان آگئی ہے۔مجتبیٰ حسین کے کالم کو جاری رکھیں۔ذہنی پریشانیوں سے دو چار ہر اُردو قاری مزاحیہ مضامین پڑھ کر اپنا دل ہلکا کرسکتا ہے۔اس لئے اس سلسلہ کو جاری رکھیں۔دیگر گوشوں کے مضامین بھی پسند آئے ہیں۔
خواجہ معین الدین پھسل بنڈہ
جناب ایڈیٹر صاحب’’ وقارِ ہند‘‘
السلام علیکم ستمبر کا شمارہ باصرہ نواز ہوا۔بک اسٹال سے خریدنے کے ساتھ وہیں پر اوراق کی رو گردانی شروع کردی گھر جا کر تمام مضامین پڑھ ڈالے۔مضامین کے انداز اسلوب کو بہتر پایا۔ رشید انصاری کا مضمون سقوط حیدرآباد سے متعلق بہت پسند آیا۔عثمان پاشاہ سیکولر اور رعایا پرور بادشاہ تھے۔ مگر آر ایس ایس فرقہ پرست عناصر اس عظیم حکمراں کو ظالم وجابرحکمراں ثابت کرنا چاہتے ہیں جس طرح عثمان علی پاشاہ کے خلاف مذموم مہم چلائی جارہی ہے وہ لائق مذمت ہے دوسری طرف ٹی آر ایس حکومت کے اس اقدام کی ہر گوشہ سے ستائش کی جانی چاہیئے کہ حکومت نے مرکزی وزراء کی تجویز کو مسترد کرتے ہوئے یوم نجات تقاریب کا اہتمام نہ کرنے کے موقف پر مظبوطی سے ڈٹی رہی۔ دیگر مضامین بھی دل کو بھا گئے۔
منیر الدین عادل‘بنڈلہ گوڑہ
ڈئیر ایڈیٹر صاحب
’’وقارِ ہند‘‘ آداب پسندیدہ میگزین کے جملہ اسٹاف کو بقرعید کی ڈھیر ساری مبارکباد۔’’وقارِہند‘‘ کا نیا شمارہ طباعت اور مواد کے لحاظ سے انتہائی معیاری رہا۔ اس شمارے میں رشید انصاری کے علاوہ شکیل رشید کے مضامین اچھے لگے ہیں علاوہ مختلف عناوین سے بیورو رپورٹس بھی پسند آئیں۔اداریہ قابل تعریف رہا جس میں آپ نے قربانی کے جذبہ کو یاد رکھنے کی تلقین کی ہے۔سرمایہ ادب‘گوشہ نسواں‘لائف اسٹائل‘حسن و صحت‘سیاحت اورمسلم دُنیا یہ میگزین کے چمکدار اور روشن ستارے ہیں۔ جن سے میگزین کے مکمل اور معیاری پن کا احساس ملتا ہے مجھے قوی یقین ہے کہ اس کلر اُردو میگزین کا سفر مزید ترقی کے ساتھ جاری رہے گا اللہ کرے اس میگزین کو خوب سے خوب ترقی ملے اور اُردو دُنیا کا ایک درخشاں میگزین بن جائے۔
اعتماد الحق منیب۔ناندیڑ
جناب ایڈیٹر صاحب
ماہنامہ’’ وقارِ ہند‘‘ السلام علیکم ریاست جموں و کشمیر میں تقریباً دو مہینوں سے جہاں مسلسل کرفیو نافذ ہے ہر سیاسی پارٹی اپنی شہرت کیلئے کاغذی بیانات داغ رہی ہے۔پلیٹ گن کی وجہ سے کئی نوجوان اپنی بصارت کھو چکے ہیں اس کا خمیازہ ارباب اقتدار کو چکانا ہی پڑے گا۔مسلم دُنیا‘دلچسپ دُنیا‘اسلامیات کے مضامین کو معلوماتی و دلچسپ پایا۔ پسندیدہ اشعار کے سلسلے کو جاری رکھیں اس سے قارئین میں ادبی ذوق پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔
محمد اشرف علی۔ پدا پلی
مکرمی ایڈیٹر صاحب
السلام علیکم۔’’وقارِ ہند‘‘ کے نئے شمارہ کو بے چینی کے ساتھ منتظر ہوں۔ ستمبر کا شمارہ زیر مطالعہ رہا۔تمام مضامین کو بہتر پایا۔ بلوچستان کے بارے میں مضمون معلوماتی رہا۔سیاحت اور مسلم حکمرانوں کے سلسلہ کو جاری رکھیں کیونکہ یہ سلسلہ جسے آپ نے شروع کیا ہے کافی معلوماتی ہے ہم گھر کے تقریباً افراد اور دوست احباب اس سلسلہ کا پابندی سے مطالعہ کرتے ہیں۔مسلم حکمرانوں کی تاریخ اور ان کی رواداری کو نئی نسل سے واقف کرانے کا آپ نے جو قدم اُٹھایا ہے وہ قابل تحسین ہے۔ خصوصی رپورٹ کو چشم کشا اور غیر جانبدار پایا اور یہ رپورٹ پسند آئی۔مسلم دُنیا کے حالات پڑھ کر دل بیٹھ جاتا ہے کیونکہ مسلم حکمراں مسلمانوں کے ہی قاتل بنے ہوئے ہیں۔ اللہ سے دعاگو رہوں گا کہ اس خوبصورت میگزین کو بد نظر سے بچائے۔
وسیم احمد اختر۔اورنگ آباد
جناب ایڈیٹر صاحب’’ وقارِ ہند‘‘
آداب!’’ وقارِ ہند‘‘ کے دو شمارے اگست اور ستمبر مطالعہ میں تھے۔دونوں ہی کے مضامین پسند آئے۔ اگست میں اسلامیات کے تحت حج کی مناسبت سے معلوماتی مضامین کو میگزین میں جگہ دی گئی جبکہ ستمبر کے شمارے میں عید الاضحی کے مضامین کو پایا گیا۔اسلامیات کے علاوہ دیگر گوشوں کے مضامین معلوماتی اور دل نشین تھے۔خصوصی رپورٹ بھی پسند آئی۔ اداریہ بہتر رہا۔
منہاج احمد عقیل۔محبوب نگر

Comments

comments