Tuesday , 16 October 2018
بریکنگ نیوز
Home » قارئین کے خطوط » قارئین کے خطوط
قارئین کے خطوط

قارئین کے خطوط

محترم جناب ایڈیٹر صاحب
عظیم الرحمن’’ وقارِ ہند‘‘ حیدرآباد۔
جنوری2017کا تازہ شمارہ’’ وقارِ ہند‘‘ ملا۔ الحمد اللہ میں نے بے باک‘بے لاگ ان گنت خوبیوں سے بھر پور دیدہ زیب‘مست رنگوں سے مزین بہت سی خوبیاں لئے ہوئے دل‘دماغ‘ذہن کو منور کرتا ہوا’’ وقارِ ہند‘‘ کو پایا۔ آپ نے ڈسمبر کے شمارے میں میری غزل شائع کی‘ آپ نے میری حوصلہ افزائی پر میں آپ کا مشکور ہوں۔’’وقارِ ہند‘‘ کی ترقی کیلئے دعا گو ہوں‘اللہ اُردو ادب کی خدمت کرنے کی آپ کو زیادہ ہمت و قوت دے۔(آمین)
اقبال احمد نذیرؔ ‘ممبئی
مکرمی ایڈیٹر صاحب السلام علیکم
جنوری کا ’’وقارِ ہند‘‘ تاخیر سے ملا مگر اس میگزین میں آپ نے منتخب اشعار کا کالم بند کردیا ہے۔ مسلم دُنیا لہو لہان کا مضمون پڑھ کر رونا آگیا۔ اللہ سے دعا ہے کہ ہم سب پر رحم فرما۔ یو پی میں مسلمانوں کی بھاری تعداد ہونے کے باوجود یہاں کے مسلمان نہ سیاسی طاقت ہیں نہ ہی متحد اور منظم ہیں غیر متحد منتشر اور بے وقعت مسلمانوں کی ضرورت سیاسی جماعتوں کو صرف کسی بھی انتخاب کے وقت ہی ہوتی ہے خصوصی رپورٹ‘لائف اسٹائل‘تاریخ وسیاحت‘فلم و ٹی وی‘گوشہ نسواں کے ادب میں افسانے بھی پسند آئے اور غزلیات بھی بہتر رہیں۔اس کے علاوہ میری آپ سے گذارش ہے کہ ماہانہ ’’ اسلامی کوئیز‘‘ کو انعامی رقم میں اضافہ کریں اور یہ میگزین مسلم معاشرے میں انقلاب کا سبب بنے گا۔
محمد اشرف علی۔ پداپلی
ایڈیٹر ’’ وقارِہند‘‘ آداب!
اللہ سے امید ہے کہ آپ جملہ اسٹاف بخیر ہوں گے۔ جنوری2017کا شمارہ بہت پسند آیا۔ مدیر اعلیٰ عظیم الرحمن کو مبارکباد دیتا ہوں کہ جنہوں نے اپنے والد مرحوم کی یاد میں’’ وقارِ ہند‘‘ کی اشاعت کا بیڑہ اُٹھایا ہے۔ تاریخ کا سلسلہ جاری رکھیئے اور غزلیں ‘افسانے بہت پسند آئے۔تمام مضامین معیاری دلچسپ اور معلوماتی ہیں۔
محمد عبد الواحد۔پدا پلی
جناب ایڈیٹر صاحب’’وقارِہند‘‘
السلام علیکم’’ وقارِہند‘‘ کا نیا شمارہ دیکھنے اور پڑھنے کو ملا ۔بہت ہی شاندار ہے مضامین معیاری اور معلوماتی ہیں ۔ گذشتہ ماہ کا بھی شمارہ زیر مطالعہ رہا۔ معیاری میگزین کی اشاعت کا بیڑہ اُٹھانے پر آپ یقیناًمبارکباد کے مستحق ہیں ۔سال2016کے واقعات کو آپ نے مختلف حصوں میں تقسیم کر کے جامع معلومات فراہم کرنے کی کوشش کی ہے اس سے مسابقتی امتحانات کی تیاری کرنے والے طلباء کو مدد ملے گی۔ گوشہ نسواں میں خواتین کے کارناموں کو شامل کرنا مستحسن اقدام ہے۔
خواجہ امین الدین۔پالونچہ کھمم
جناب محترم مدیر ’’وقارِ ہند‘‘ عظیم الرحمن
تسلیمات! ماہ جنوری کا شمارہ دیکھ کر خوشی کی انتہا نہ رہی اس شمارہ کو معلومات کا بھنڈار کہا جائے تو بیجا نہ ہوگا ۔ قومی‘بین الاقوامی‘کھیل کود سے متعلق سال2016 عام معلومات قابل ستائش ہے۔ سرمایہ ادب کا معیار کافی بہتر ہوا ہے۔ مجتبیٰ حسین کے مضامین کا انتظار رہتا ہے۔ ان کے مضامین سلسلہ وار شائع کرتے رہیں۔ روف پاریکھ کا ہمارے پڑوسی بہت پسند آیا۔ افسانہ سزا‘ دل کوبھا گیا مگر پسندیدہ اشعار کا کالم‘اس شمارہ میں نہیں تھا جس کا ہمیں افسوس ہوا ہے شاعری کا ذوق رکھنے والوں کو مد نظر رکھتے ہوئے اشعار کے کالم کا احیاء کریں۔ مزاحیہ شاعری کو جگہ دیں تو بہتر ہوگا۔امید ہے کہ اس جانب توجہ دیں گے۔
سید مجیب علی اشرفی۔نانڈیڑ
ڈیر ایڈیٹر’’ وقارِ ہند‘‘ آداب!
قومی امید ہے کہ آپ جناب والا معہ جملہ اسٹاف بخیر و عافیت ہوں گے۔ جنوری کا شمارہ مکمل آب و تاب کے ساتھ منظر عام پر آنے سے دلی خوشی ہوئی ۔ تمام گوشوں کے مضامین معیاری اور معلوماتی رہے۔ خصوصی رپورٹ میں ٹرمپ اور بریگزٹ2016میں بڑی تبدیلیوں کے اشارے مسلمانوں پر عرصہ حیات مزید تنگ‘تاریخ وسیاحت کافی پسند آئے سرمایہ ادب‘اسلامیات اور لائف اسٹائل کے مضامین بھی دلجوئی کے ساتھ زیر مطالعہ رہتے ہیں۔ گوشہ نسواں کے مضامین نصیحت آمیز رہتے ہیں اسی معیار کو برقرار رکھیں ۔نئے شمارہ کا بے چینی کے ساتھ انتظار رہے گا۔
احمد علی۔تالاب کٹہ حیدرآباد
جناب ایڈیٹر صاحب ’’ وقارِ ہند‘‘
السلام علیکم’’ وقارِ ہند‘‘ کا نیا شمارہ بہت بہت پسند آیا رشید انصاری اور شکیل رشید اور بیورو رپورٹ کے مضامین اچھے لگے۔بیورو رپورٹس کا کیا کہنا ادب‘اسلامیات اور دیگر گوشوں کے مضامین بہت بہت پسند آئے ہیں۔خصوصی رپورٹ کے تحت عام معلومات کی فراہمی کا تجربہ اچھا لگا ۔ مسلم دُنیا لہو لہان کے نام سے مسلم دُنیا کے کربناک حالات کی سالانہ روئیداد پڑھ کر بہت ہی افسوس ہوا۔ پتہ نہیں مسلم دُنیا میں امن و آشتی کب تک باقی رہے گا۔اللہ سے دعا ہے کہ مسلم دُنیا میں امن و آشتی کی ہوائیں چلائیں اور مسلم حکمرانوں میں اتحاد کی توفیق دے۔(آمین)
ظفر محی الدین۔چارمینار ‘حیدرآباد
جناب مدیر’’ وقارِہند‘‘ تسلیمات!
’’وقارِہند‘‘ کا نیا شمارہ اچھا لگا۔ہر ماہ کا شمارہ‘معیاری ہوتا جارہا ہے جو ایک اچھی علامت ہے۔ سرورق کو جہاں خوبصورت اور دیدہ زیب پایا وہیں ادب‘ اسلامیات اور دیگر گوشوں کے مضامین کو نہ صرف معلوماتی بلکہ معیاری پایا۔اس قدر خوبصورت علم کا مغز’’ وقارِ ہند‘‘ کی اشاعت کریں گے آپ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ہماری دعا ہے کہ یہ میگزین دن دوگنی رات چوگنی ترقی کرے۔(آمین)
سید شاہ محمد چندہ حسینی۔ شاہ پور
مکرمی ایڈیٹر السلام علیکم
گزشتہ ماہ کا میلاد النبیؐ نمبر اور جنوری کا نیا شمارہ گھر کے جملہ افراد کے زیر مطالعہ رہا۔اسلامیات‘بزم اطفال ‘ تاریخ و سیاحت‘گوشہ نسواں‘خصوصی رپورٹ کے مضامین کو معیاری پایا۔دیگر گوشوں کے مضامین کے علاوہ بیورو رپورٹس بھی کافی پسند آئے۔ ادب میں مجتبیٰ حسین کے مضامین کا سلسلہ جاری رکھیں۔ اور دیگر ادیبوں کے مضامین کو بھی شامل کریں۔ عالم عرب‘مسلم دُنیا ‘ دلچسپ دُنیا سے بھی پسندیدگی کا اظہار کیا گیا۔اللہ سے قوی امید ہے کہ مستقبل میں اس خوبصورت کو نظر بد سے بچائے۔
نسیم اشرف۔ رائچور

Comments

comments