نرملا سیتارمن کا اعلان تحقیق، اسٹارٹ اپس اور فِن ٹیک ترقی کے لیے حکومت کا مضبوط تعاون
مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے کہا ہے کہ حکومت کی پالیسیوں اور فنڈنگ نے ملک میں تحقیق (R&D)، اسٹارٹ اپس اور ٹیکنالوجی پر مبنی اختراعات کے لیے ایک بہتر ماحول پیدا کیا ہے۔ وہ آج شام آئی آئی ٹی دھارواڑ میں دھاَرٹی بایونیسٹ انکیوبیشن سینٹر کے افتتاح کے بعد طلبہ سے بات چیت کر رہی تھیں۔
وزیر نے کہا کہ حکومت کی توجہ معیشت کی مضبوطی اور نجی شعبے میں تحقیق کو فروغ دینے پر ہے تاکہ ملک میں موجود نوجوان باصلاحیت دماغوں کو مواقع مل سکیں اور دماغی فرار (Brain Drain) کو روکا جا سکے۔
نرملا سیتارمن نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ ایسی تحقیق اور اختراعات پر توجہ دیں جو معاشرے میں تبدیلی لائیں، کیونکہ منافع خود بخود حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اب طلبہ کو صرف تحقیق پر دھیان دینا ہے، باقی سہولتیں انکیوبیشن مراکز اور فنڈنگ پارٹنرز فراہم کریں گے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بطور خاتون رہنما وہ اپنی ٹیم کو حوصلہ دیتی ہیں، مگر خود بھی رہنمائی حاصل کرنے پر یقین رکھتی ہیں تاکہ مربوط ترقی ممکن ہو۔
فِن ٹیک کے شعبے پر بات کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ بھارت دنیا میں مالیاتی ٹیکنالوجی کے حل فراہم کرنے میں نمایاں مقام رکھتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جن دھن یوجنا نے مالی شمولیت کو ممکن بنایا، ڈیجیٹل ادائیگیاں 87 فیصد تک پہنچ گئی ہیں جو عالمی اوسط سے کہیں زیادہ ہیں، اور اکاؤنٹ ایگریگیٹر نظام نے کمزور طبقوں تک قرض کی سہولت بڑھائی ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ حکومت نے فِن ٹیک کے مستقبل کے لیے مضبوط بنیاد رکھ دی ہے۔



