وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کا بڑا قدم، دفاعی خریداری مینول 2025 جاری
وزیرِ دفاع راجناتھ سنگھ نے جمعرات کے روز ڈیفنس پروکیورمنٹ مینول 2025 (نیا دفاعی خریداری ضابطہ) جاری کیا، جس کا مقصد خریداری کے عمل کو آسان بنانا، شفافیت لانا اور مسلح افواج کی آپریشنل تیاری کو مضبوط کرنا ہے۔ یہ نیا ضابطہ یکم نومبر 2025 سے نافذ ہوگا۔
اس نئے مینول کے تحت تینوں افواج اور وزارتِ دفاع کے دیگر اداروں کی طرف سے ایک لاکھ کروڑ روپے سے زائد کی خریداریوں پر عمل ہوگا۔ راجناتھ سنگھ نے کہا کہ یہ رہنما اصول ایم ایس ایم ایز اور اسٹارٹ اپس کے لیے بھی نئے مواقع پیدا کریں گے تاکہ ملک میں دفاعی پیداوار اور ٹیکنالوجی کو فروغ دیا جا سکے۔
فنانشل ایڈوائزر ڈاکٹر مایانک شرما نے بتایا کہ یہ مینول سروسز اور متعلقہ اداروں سے مشاورت کے بعد تیار کیا گیا ہے تاکہ کارکردگی اور شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔
نئے ضابطے میں کئی اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں، جن میں تاخیر سے فراہمی پر جرمانہ 10 فیصد تک محدود کرنا، انڈیجینائزیشن پروجیکٹس میں جرمانہ 0.1 فیصد فی ہفتہ تک کم کرنا، اور 5 سالہ طویل آرڈر کی گنجائش شامل ہے۔
مزید برآں، اورڈیننس فیکٹری بورڈ سے اجازت نامہ لینے کی شرط ختم کر دی گئی ہے۔ اسی طرح جہازوں اور ہوائی جہازوں کی مرمت میں 15 فیصد اضافی کام کی پیشگی منظوری بھی دی گئی ہے۔
تمام درخواستیں جو یکم نومبر کے بعد جاری ہوں گی، نئے ڈی پی ایم 2025 کے تحت ہوں گی، جبکہ پرانے کیسز پر 2009 کا ضابطہ لاگو رہے گا۔
نیا مینول دو حصوں پر مشتمل ہے
پہلا حصہ: بنیادی ضابطے،
دوسرا حصہ: فارم، ضمیمے اور حکومتی احکامات۔



