وزیراعظم مودی کا بیان اکیسویں صدی بھارت اور آسیان ممالک کی ہے
وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ اکیسویں صدی بھارت اور آسیان ممالک کی صدی ہے۔ انہوں نے یہ بات کوالالمپور میں منعقدہ بائیسویں آسیان-بھارت سربراہی اجلاس سے آن لائن خطاب میں کہی۔
مودی نے کہا کہ بھارت اور آسیان ممالک دنیا کی آبادی کا تقریباً چوتھائی حصہ ہیں، اور دونوں کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور تہذیبی رشتے بہت گہرے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اور آسیان مل کر ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے کام کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ بھارت نے ہمیشہ آسیان ممالک کے ساتھ مضبوط دوستی نبھائی ہے، اور دونوں کے درمیان سمندری سلامتی، تعلیم، صحت، سائنس، گرین انرجی اور سائبر سیکیورٹی کے شعبوں میں تعاون تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ سنہ 2026 کو “بھارت-آسیان میری ٹائم کوآپریشن کا سال” قرار دیا جائے گا۔
مودی نے زور دیا کہ بھارت کی ایکٹ ایسٹ پالیسی میں آسیان کو مرکزی حیثیت حاصل ہے، کیونکہ یہ خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے کہا، “ہم اپنے مشترکہ ثقافتی ورثے کو محفوظ رکھنے اور عوامی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کام جاری رکھیں گے۔”



