آسام میں راجدھانی ایکسپریس کی ٹکر، سات ہاتھی ہلاک، ٹرین پٹری سے اتر گئی
آسام کے ضلع ناگاؤں میں ایک افسوسناک حادثے میں دہلی جانے والی راجدھانی ایکسپریس جنگلی ہاتھیوں کے جھنڈ سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں سات ہاتھی ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا۔ حادثہ ہفتہ کی علی الصبح کیمپور علاقے میں پیش آیا۔
ریلوے حکام کے مطابق، ٹکر اتنی شدید تھی کہ ٹرین کا انجن اور پانچ کوچ پٹری سے اتر گئے، تاہم خوش قسمتی سے کسی مسافر کو چوٹ نہیں آئی۔ حادثے کے بعد متاثرہ مسافروں کو دیگر کوچز میں عارضی طور پر منتقل کیا گیا۔
جنگلاتی محکمے نے بتایا کہ گہری دھند کے دوران قریبی پہاڑی علاقوں سے اتر کر ہاتھی ریلوے ٹریک پر آ گئے تھے۔ سات ہاتھی موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ ایک کم عمر ہاتھی شدید زخمی ہوا، جسے فوری طبی امداد دی جا رہی ہے۔ ہلاک ہاتھیوں کا پوسٹ مارٹم کیا جا رہا ہے۔
ریلوے کی جانب سے ریلیف ٹرینیں اور اعلیٰ افسران موقع پر پہنچ گئے تھے، جبکہ متاثرہ سیکشن میں ٹریفک کو عارضی طور پر موڑ دیا گیا۔ بعد ازاں بحالی کا کام مکمل کر لیا گیا۔



