بین الاقوامیعرب دنیا

وینزویلا میں زور دار دھماکے، دارالحکومت کاراکاس میں ایمرجنسی نافذ

وینزویلا کے دارالحکومت کاراکاس میں ہفتہ کی علی الصبح کم از کم سات زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جس کے بعد پورے شہر میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق نچلی پرواز کرنے والے طیارے بھی دیکھے گئے، جس پر شہری گھروں سے نکل کر سڑکوں پر آگئے۔ وینزویلا کی حکومت نے امریکہ پر فوجی اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کا الزام لگاتے ہوئے صدر نکولس مادورو کی جانب سے ملکی ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کیا۔

سرکاری بیان میں کہا گیا کہ وینزویلا اپنی سرزمین پر ہونے والی اس سنگین فوجی جارحیت کی سخت مذمت کرتا ہے اور عالمی برادری سے نوٹس لینے کی اپیل کرتا ہے۔ صدر مادورو نے تمام دفاعی منصوبے فعال کرنے اور بیرونی خطرے کے پیش نظر ہنگامی اقدامات نافذ کرنے کی ہدایت دی۔

دھماکوں کے بعد فوجی اڈوں کے قریب سے دھواں اٹھتا دیکھا گیا جبکہ ایک اہم تنصیب کی بجلی منقطع ہوگئی۔ مختلف علاقوں میں لوگ سڑکوں پر نکل آئے۔ ایک شہری کارمین ہیڈالگو نے بتایا کہ زمین لرز اٹھی اور فضاء میں شدید دباؤ محسوس ہوا۔

حکومت نے عوام اور سیاسی تنظیموں سے سڑکوں پر نکلنے اور اس اقدام کو سامراجی حملہ قرار دے کر اس کے خلاف احتجاج کرنے کی اپیل کی۔ حکام کے مطابق حالیہ دنوں میں منشیات اسمگلنگ کے الزام میں سمندری کارروائیاں ہو رہی تھیں، جبکہ وینزویلا نے مذاکرات کی آمادگی بھی ظاہر کی تھی۔

صدر مادورو نے پہلے ہی الزام عائد کیا تھا کہ امریکہ حکومت کی تبدیلی اور تیل کے ذخائر تک رسائی چاہتا ہے۔ موجودہ صورتحال نے خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھا دیا ہے اور عالمی سطح پر تشویش پیدا ہوگئی ہے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button