بین الاقوامیعرب دنیا

جنوبی افریقہ میں فائرنگ کا ہولناک واقعہ، ۹ افراد ہلاک

جنوبی افریقہ میں اندھا دھند فائرنگ کے ایک دل دہلا دینے والے واقعے میں ۹ افراد ہلاک اور ۱۰ سے زائد زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ اتوار کی علی الصبح جوہانسبرگ کے قریب ایک غریب بستی میں واقع ایک شراب خانے میں پیش آیا، جہاں مسلح افراد نے اچانک حملہ کر دیا۔

پولیس حکام نے بتایا کہ حملہ آور پستولوں سے مسلح تھے جبکہ ایک شخص کے پاس خودکار رائفل بھی موجود تھی۔ ڈپٹی صوبائی پولیس کمشنر نے کہا کہ حملہ آور بغیر کسی اشتعال کے اندر داخل ہوئے اور لوگوں پر اندھا دھند گولیاں چلائیں۔ تین افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ باقی لوگ جان بچانے کے لیے بھاگتے رہے، مگر حملہ آوروں نے پیچھا کرتے ہوئے فائرنگ جاری رکھی۔

پولیس کے مطابق حملے کے بعد ملزمان نے زخمی اور ہلاک ہونے والوں کی تلاشی لی اور ان سے قیمتی اشیاء اور موبائل فون چھین لیے۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک آن لائن ٹیکسی ڈرائیور بھی شامل تھا جو وہاں سے گزر رہا تھا۔

یہ واقعہ رواں ماہ جنوبی افریقہ میں پیش آنے والا دوسرا بڑا فائرنگ کا واقعہ ہے۔ اس سے قبل دارالحکومت کے قریب ایک اور شراب خانے میں حملے میں ۱۲ افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں کم عمر بچے بھی شامل تھے۔

جنوبی افریقہ اس وقت سنگین جرائم کی لہر کا سامنا کر رہا ہے۔ ملک میں قانونی اور غیر قانونی اسلحہ کی بھرمار ہے، جس کے باعث ایسے واقعات معمول بنتے جا رہے ہیں۔ پولیس نے واقعے کے بعد ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے اور عوام سے تعاون کی اپیل کی ہے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button