بین الاقوامیعرب دنیا

فلپائن میں زلزلہ کی تباہی: سیبو صوبے میں ہلاکتیں 60 سے تجاوز

فلپائن کے سیبو صوبے میں آنے والے طاقتور 6.9 شدت کے زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 60 سے تجاوز کر گئی ہے۔ حکام کے مطابق سب سے زیادہ جانی نقصان بوگو سٹی، سان ریمیگیو اور میڈی لین میں ہوا ہے۔ صورتحال کے پیش نظر صوبائی حکومت نے اسٹیٹ آف کیلامٹی (ہنگامی حالت) نافذ کر دی ہے تاکہ ریلیف اور امدادی کارروائیاں تیز کی جا سکیں۔

فلپائن کے آفس آف سول ڈیفنس کے مطابق کم از کم 147 افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ متعدد افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کی اطلاعات ہیں۔ حکام لاپتہ افراد کی شناخت اور تصدیق میں مصروف ہیں۔

سیبو کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ آفس نے بتایا کہ اب تک 30 ہلاکتیں بوگو سٹی میں ہوئیں جو زلزلے کا مرکز بھی ہے، 22 سان ریمیگیو، 10 میڈی لین اور ایک تابویلان میں رپورٹ کی گئیں۔

زلزلے کے بعد مقامی حکومت کو فوری طور پر ایمرجنسی فنڈز تک رسائی مل گئی ہے تاکہ متاثرین کو امداد فراہم کی جا سکے، جب کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر بھی کنٹرول لگایا جا رہا ہے۔

فلپائن انسٹی ٹیوٹ آف وولکینولوجی اینڈ سیزمولوجی کے مطابق زلزلہ 19 کلومیٹر شمال مشرقی بوگو سٹی میں زمین کے اندر صرف 5 کلومیٹر گہرائی پر آیا۔ جھٹکے نہ صرف وسطی فلپائن بلکہ جنوبی علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے۔

یاد رہے کہ فلپائن پیسفک رِنگ آف فائر میں واقع ہے جہاں زلزلے اور آتش فشاں پھٹنے کے واقعات عام ہیں۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button