پیوٹن کا دو ٹوک اعلان ہند و چین کسی دباؤ یا ذلت کو قبول نہیں کریں گے

روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے امریکہ کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بھارت اور چین پر دباؤ ڈال کر روسی تیل کی خریداری روکنے کی کوشش ناکام ہوگی۔
پیوٹن نے کہا کہ اگر بھارت روسی توانائی لینا بند کرے تو اُسے 9 سے 10 ارب ڈالر کا نقصان ہوگا، جو وہ کبھی برداشت نہیں کرے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی ہمیشہ بھارت کے قومی مفادات کا دفاع کرتے ہیں۔
انہوں نے امریکہ کو خبردار کیا کہ ایسے اقدامات سے عالمی توانائی کی قیمتیں بڑھیں گی، امریکی معیشت متاثر ہوگی اور فیڈرل ریزرو کو سود کی شرح بلند رکھنی پڑے گی۔
پیوٹن نے مزید کہا کہ روس بھارت کے ساتھ زراعت، ادویات اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں شراکت داری بڑھانا چاہتا ہے۔ انہوں نے بھارت اور چین کو "قدیم تہذیبیں” قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ممالک کسی دباؤ کے آگے نہیں جھکیں گے۔
پیوٹن نے اعلان کیا کہ وہ دسمبر کے آغاز میں بھارت کا دورہ کریں گے۔