دھونی میزائل براہموس سے بھی زیادہ طاقتور، جلد آزمائش

بھارت دفاعی میدان میں خود کفالت کی راہ پر تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ ڈی آر ڈی او نے اعلان کیا ہے کہ وہ رواں سال کے آخر تک ہائیپر سونک گلائیڈ وہیکل "دھونی” کے مکمل تجربات کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ میزائل مشہور براہموس سے بھی کہیں زیادہ خطرناک اور تباہ کن ثابت ہوگا۔
دھونی میزائل کی سب سے بڑی خصوصیت یہ ہے کہ یہ آواز کی رفتار سے پانچ تا چھ گنا زیادہ (تقریباً 7,000 کلومیٹر فی گھنٹہ) کی رفتار سے اپنے ہدف کی طرف بڑھ سکتا ہے۔ اس کی رینج 1500 سے 2000 کلومیٹر تک بتائی جارہی ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ میزائل نہ صرف انتہائی تیز ہے بلکہ دورانِ پرواز اپنی سمت بدلنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے، جس سے دشمن کی فضائی دفاعی نظام کو کوئی موقع نہیں ملتا۔
ڈی آر ڈی او پہلے ہی ایئرفریم، تھرمل مینجمنٹ، اسکرام جیٹ انجن اور گائیڈنس سسٹم کی مختلف آزمائشیں کر چکا ہے۔ اب آخری مرحلے کی تیاری جاری ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ اس سال کے اختتام تک "دھونی” کا فل فلائٹ ٹیسٹ مکمل کر لیا جائے گا۔