حیدرآباد میں جدید عثمانیہ جنرل اسپتال کی تعمیر کا آغاز

حیدرآباد میں عثمانیہ جنرل اسپتال کی نئی عمارت کی تعمیر کا باضابطہ آغاز ہوگیا۔ یہ منصوبہ میگا انجینئرنگ اینڈ انفراسٹرکچر لمیٹڈ کے تحت شروع کیا گیا ہے۔ اسپتال کی تعمیر گوشامحل پولیس اسٹیڈیم میں کی جا رہی ہے۔ دسہرہ کے موقع پر کے صدر برائے منصوبہ جات کے۔ گووردھن ریڈی نے پوجا کے بعد تعمیراتی کام کا آغاز کیا۔ یاد رہے کہ اس منصوبے کی بنیاد رکھنے کی تقریب رواں سال 31 جنوری کو وزیراعلیٰ تلنگانہ ۔ ریونت ریڈی نے کی تھی۔
نئی عمارت کا منصوبہ 30 ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔ یہ اسپتال 26 ایکڑ رقبے پر تعمیر ہوگا جس کا مجموعی رقبہ 32 لاکھ مربع فٹ ہے۔ اسپتال میں 2000 بستروں کی گنجائش ہوگی، جس میں ہاسپٹل بلاک (22.96 لاکھ مربع فٹ)، تعلیمی بلاک، لڑکوں اور لڑکیوں کے ہاسٹل، دھرم شالہ، مردہ خانہ، یوٹیلٹی اور سیکیورٹی بلڈنگز شامل ہوں گی۔ اسی کے ساتھ دو منزلہ بیسمنٹ پارکنگ بھی تعمیر کی جائے گی، جس میں 1500 کاروں کی جگہ ہوگی۔
اسپتال کے ماسٹر پلان میں 29 بڑے اور 12 چھوٹے آپریشن تھیٹرز، ہیلی پیڈ، روبوٹک سرجری تھیٹرز، ٹرانسپلانٹ یونٹس، سیویج ٹریٹمنٹ اور بایو میڈیکل ویسٹ پلانٹ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ نرسنگ، ڈینٹل اور فزیوتھراپی کالجز بھی قائم کیے جائیں گے۔ عمارت کو جدید ٹیکنالوجی، کراس وینٹی لیشن اور روف ٹاپ گارڈن کے ساتھ ڈیزائن کیا جا رہا ہے تاکہ مریضوں کو بہتر سہولت مل سکے۔