دارجیلنگ میں زور دار بارش اور مٹی کھسکنے سے 18 افراد جاں بحق

دارجیلنگ (مغربی بنگال): شدید بارشوں کے باعث اتوار کی صبح بڑے پیمانے پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی، جس میں کم از کم 18 افراد ہلاک اور کئی لاپتہ ہوگئے۔ متاثرہ علاقوں میں میریک، دھار گاؤں، جسبیر گاؤں اور میریک جھیل شامل ہیں۔
سرکاری ذرائع کے مطابق، دودھیا آئرن برج کے منہدم ہونے سے ریسکیو اور امدادی کاموں میں دشواری پیش آرہی ہے۔
وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے واقعے کو "قدرتی آفت” قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ پیر کو متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ بارہ گھنٹوں میں 300 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی جس سے سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے کے واقعات ہوئے۔
وزیر اعظم نریندر مودی اور صدر دروپدی مرمو نے ہلاک شدگان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور حکومت کی جانب سے ہر ممکن مدد کا وعدہ کیا۔
محکمہ موسمیات نے دارجیلنگ اور کالمپونگ کے لیے ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے مزید بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔