برطانوی وزیرِاعظم کیر اسٹارمر کا پہلا دورۂ ہند، ممبئی پہنچنے پر پرتپاک استقبال

برطانیہ کے وزیرِاعظم کیر اسٹارمر بدھ کی صبح اپنے پہلے دورۂ ہند پر ممبئی پہنچے، جہاں مہاراشٹر کے وزیرِاعلیٰ دیویندر فڑنویس، نائب وزرائے اعلیٰ ایکناتھ شندے اور اجیت پوار سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
یہ دورہ اس وقت ہو رہا ہے جب بھارت اور برطانیہ کے درمیان جولائی میں ایک تاریخی آزاد تجارتی معاہدہ طے پایا تھا، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعلقات کے نئے دور کا آغاز متوقع ہے۔
وزیرِاعظم نریندر مودی نے سوشل میڈیا پر کیر اسٹارمر کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ،
“میں برطانوی وزیرِاعظم کیر اسٹارمر کا بھارت میں تاریخی پہلے دورے پر خیرمقدم کرتا ہوں۔ ہمیں کل ملاقات کا بے حد انتظار ہے تاکہ ہم دونوں ممالک کے درمیان خوشحال مستقبل کی راہیں مزید مضبوط بنا سکیں۔”
کیر اسٹارمر جمعرات کو وزیرِاعظم مودی سے راج بھون میں ملاقات کریں گے، جہاں دونوں رہنما بھارت۔برطانیہ تعلقات اور اقتصادی تعاون پر مشترکہ اعلامیہ جاری کریں گے۔
دورے کے دوران برطانوی وزیرِاعظم ممبئی کے باندرہ کرلا کمپلیکس میں عالمی فِن ٹیک فیسٹ میں بھی شرکت کریں گے اور بھارتی صنعتکاروں سے ملاقات کے ذریعے کاروباری تعلقات کو مزید وسعت دینے پر گفتگو کریں گے۔
روانگی سے قبل کیر اسٹارمر نے کہا کہ
“بھارت کے ساتھ ہمارا تجارتی معاہدہ محض ایک کاغذ نہیں بلکہ ترقی کا نیا آغاز ہے۔ بھارت جلد دنیا کی تیسری بڑی معیشت بننے جا رہا ہے، اور ہمارے لیے یہ موقع ہے کہ دونوں ممالک کے عوام کے لیے روزگار اور ترقی کے نئے دروازے کھولے جائیں۔”