حیدرآباد میں 750 کروڑ مالیت کی سرکاری زمین واگزار ہائیڈرا کی بڑی کارروائی

حیدرآباد ڈیزاسٹر ریسپانس اینڈ ایسٹ پروٹیکشن ایجنسی (ہائیڈرا) نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے بانجارہ ہلز میں واقع پانچ ایکڑ سرکاری زمین واگزار کرالی، جس کی مالیت تقریباً 750 کروڑ روپے بتائی جا رہی ہے۔
یہ زمین شعیپت منڈل کے روڈ نمبر 10 پر واقع ہے، جہاں ایک شخص پارتھ سارتھی نے قبضہ کر رکھا تھا۔ اس نے زمین پر باڑ لگا کر باؤنسرز اور کتوں کو تعینات کیا تھا تاکہ کوئی وہاں داخل نہ ہو سکے۔
حکومت نے اس زمین میں سے 1.20 ایکڑ حصہ واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کو دیا تھا، مگر پارتھ سارتھی نے پوری زمین پر اپنا جعلی دعویٰ کرتے ہوئے عدالت سے رجوع کیا اور دورانِ سماعت مکمل قبضہ کرلیا۔
مقامی شہریوں اور واٹر بورڈ نے ہائیڈرا کو شکایت دی کہ پارتھ سارتھی اس زمین پر غیر قانونی سرگرمیاں کر رہا ہے اور پینے کے پانی کے ذخیرے کی تعمیر میں رکاوٹ ڈال رہا ہے۔
تحقیقات میں پتہ چلا کہ پارتھ سارتھی نے جعلی سروے نمبر (403/52) استعمال کرتے ہوئے سرکاری زمین پر قبضہ کیا ہے، جبکہ اصل زمین سروے نمبر 403 میں درج ہے۔
ہائیڈرا نے ریونیو حکام کی نشاندہی پر کارروائی کرتے ہوئے زمین سے باڑ، شیڈز اور تمام غیر قانونی ڈھانچے ہٹا دیے۔ پولیس کی بھاری نفری کے درمیان زمین کو دوبارہ سرکاری تحویل میں لے کر باڑ لگادی گئی اور سرکاری ملکیت کے بورڈ نصب کردیے گئے۔