نوبل امن انعام 2025 وینزویلا کی ’آئرن لیڈی‘ ماریا کورینا ماچادو کو نمایاں اعزاز،

وینزویلا کی اپوزیشن لیڈر ماریا کورینا ماچادو کو نوبل امن انعام 2025 سے نوازا گیا ہے۔ ماچادو، جو ’آئرن لیڈی‘ کے نام سے مشہور ہیں، کو جمہوری حقوق کے فروغ اور آمرانہ حکومت کے خلاف جدوجہد پر یہ اعزاز دیا گیا۔
ماچادو گزشتہ سال کے متنازع انتخابات کے بعد سے روپوش ہیں، جنہیں صدر نکولس مادورو کی جانب سے دھاندلی زدہ قرار دیا گیا تھا۔ ان کے خلاف کئی مقدمات اور سیاسی انتقام کی کارروائیاں ہو چکی ہیں۔
نوبل کمیٹی نے کہا کہ یہ انعام ”جمہوریت اور امن کے لیے ان کی انتھک جدوجہد“ کے اعتراف میں دیا گیا ہے۔ کمیٹی کے مطابق، ماچادو نے وینزویلا میں آمریت کے اندھیرے میں جمہوریت کی شمع جلائے رکھی۔
ماچادو نے ماضی میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا تھا، جب امریکہ نے مادورو کی گرفتاری پر 50 ملین ڈالر کا انعام رکھا۔ ٹرمپ نے بھی اس سال نوبل امن انعام کے لیے زور شور سے مہم چلائی تھی، مگر کمیٹی نے واضح کیا کہ فیصلہ صرف الفرڈ نوبل کی وصیت اور خدمات کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔
58 سالہ ماچادو انجینئرنگ کی تعلیم یافتہ ہیں اور ’وینٹے وینزویلا‘ نامی سیاسی جماعت کی سربراہ ہیں۔ وہ 2010 سے 2015 تک قومی اسمبلی کی رکن بھی رہ چکی ہیں۔