کویتا کا نیا سفر: ’جنم باتا‘ کے ذریعے عوام سے جڑنے کا اعلان
تلنگانہ جاگرُتی کی صدر اور سابق وزیراعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ کی بیٹی کے کویتا نے اپنے والد کے سیاسی سایے سے نکل کر ایک نیا عوامی سفر شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے بدھ کے روز حیدرآباد میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ وہ 25 اکتوبر سے نظام آباد سے چار ماہ پر مشتمل ریاست گیر پروگرام "جاگرُتی جنم باتا” کا آغاز کریں گی۔
کویتا نے واضح کیا کہ اب وہ اپنے والد کے سی آر کی تصویر کسی بھی سرگرمی میں استعمال نہیں کریں گی۔ ان کا کہنا تھا، "ہم الگ راستوں پر ہیں، اس لیے ان کی تصویر استعمال کرنا اخلاقی طور پر درست نہیں۔”
انہوں نے بتایا کہ ان کا مقصد سماجی انصاف (سماجیکا تلنگانہ) کو فروغ دینا ہے، جو کہ تلنگانہ تحریک کی اصل روح تھی۔ کویتا نے کہا، "ہم نے تلنگانہ تو حاصل کر لیا، مگر سماجی انصاف ابھی باقی ہے۔”
کویتا نے یہ بھی انکشاف کیا کہ ان کی تنظیم جاگرُتی جلد اساتذہ اور سرکاری ملازمین کے لیے ایک نیا پلیٹ فارم قائم کرے گی تاکہ ان کے طویل عرصے سے زیرِ التوا مطالبات جیسے پنشن اسکیم، پی آر سی، اور بقایا الاؤنس حل کیے جا سکیں۔



