بھارت جلد ماؤ وادی دہشت گردی سے پاک وزیراعظم مودی کا اعلان
وزیراعظم نریندر مودی نے اعلان کیا ہے کہ بھارت بہت جلد ماؤ وادی دہشت گردی سے مکمل طور پر آزاد ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ "یہ میری ذاتی ضمانت ہے کہ ملک جلد اس لعنت سے پاک ہو گا۔”
وزیراعظم نے این ڈی ٹی وی ورلڈ سمٹ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماؤ وادی تشدد نے دہائیوں تک ملک کی ترقی کو روکے رکھا اور ہزاروں غریب کسانوں، دیہاتیوں اور قبائلیوں کی جانیں لیں۔
انہوں نے بتایا کہ پہلے 125 اضلاع ماؤ وادی تشدد سے متاثر تھے، مگر اب صرف 11 اضلاع میں معمولی سرگرمیاں باقی ہیں، جن میں سے صرف 3 اضلاع کو خطرناک قرار دیا گیا ہے۔
مودی نے انکشاف کیا کہ گزشتہ 72 گھنٹوں میں 303 نکسلیوں نے خود سپردگی کی، جن میں کئی خطرناک رہنما بھی شامل ہیں جن کے سروں پر 1 کروڑ روپے تک کے انعامات مقرر تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ "یہ نکسلی اب آئین پر یقین رکھتے ہیں اور پرامن زندگی اختیار کر رہے ہیں۔” انہوں نے بستر جیسے علاقوں میں ترقی اور ثقافتی بحالی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اب وہاں بستر اولمپکس جیسے پروگرام ہو رہے ہیں، جو امن کی علامت ہیں۔
مودی نے کہا کہ حکومت کی پالیسیوں، ترقیاتی منصوبوں اور سیکورٹی اقدامات کی بدولت اب ان علاقوں میں اسکول، اسپتال اور روزگار کے مواقع بڑھ رہے ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ "یہ دیوالی ماؤ وادی دہشت گردی سے متاثر علاقوں میں خوشیوں کی دیوالی ہوگی۔”



