بھارت کا اقوام متحدہ میں پاکستان پر تنقید: انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرے
بھارت نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں پاکستان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور مطالبہ کیا کہ وہ غیر قانونی طور پر قابض علاقوں میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو فوراً ختم کرے۔
بھارت کے اقوام متحدہ میں مستقل نمائندے پروتھانینی ہریش نے 80ویں یو این ڈے کے موقع پر منعقدہ کھلے مباحثے میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر بھارت کا اٹوٹ اور ناقابلِ تقسیم حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ “ہم پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ان علاقوں میں انسانی حقوق کی سنگین اور جاری خلاف ورزیوں کو ختم کرے جہاں عوام فوجی قبضے، ظلم و جبر اور وسائل کے غیر قانونی استحصال کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں۔”
سفیر ہریش نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام اپنے بنیادی حقوق بھارت کے جمہوری اور آئینی نظام کے تحت استعمال کرتے ہیں، “ایسے تصورات پاکستان کے لیے اجنبی ہیں۔”
انہوں نے بھارت کے فلسفہ "وسودھیو کٹمبکم” (دنیا ایک خاندان ہے) کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت ہمیشہ انصاف، عزت، اور خوشحالی کے لیے کام کرتا رہے گا اور بین الاقوامی تعاون و شراکت داری پر یقین رکھتا ہے۔



