اداکار چرن جیوی کے نام پر غیر مناسب ویڈیوز اے آئی ڈیپ فیک اسکینڈل پر مقدمہ درج
تلگو فلم انڈسٹری کے معروف اداکار چرن جیوی نے پولیس میں شکایت درج کرائی ہے کہ کچھ ویب سائٹس ان کے نام اور تصویر کا غلط استعمال کرتے ہوئے جعلی (ڈیپ فیک) اور غیر اخلاقی ویڈیوز پھیلا رہی ہیں۔
ان ویڈیوز میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کا استعمال کرکے ان کا چہرہ غیر مناسب مناظر میں دکھایا گیا ہے، جو سراسر جھوٹے اور فرضی ہیں۔
اداکار نے شکایت میں کہا کہ یہ ویڈیوز ان کی شخصیت، عزت اور شہرت کو شدید نقصان پہنچا رہی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان جعلی ویڈیوز کو فوراً انٹرنیٹ سے ہٹایا جائے اور ملوث ویب سائٹس کے خلاف فوجداری کارروائی کی جائے۔
پولیس کے مطابق، سائبر کرائم پولیس اسٹیشن میں 25 اکتوبر کو مقدمہ درج کیا گیا ہے، اور تحقیقات جاری ہیں۔ یہ مقدمہ آئی ٹی ایکٹ، بی این ایس اور خواتین کی نامناسب نمائندگی کے قانون 1986 کے تحت درج کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، کئی ویب سائٹس مل کر اس مواد کو شیئر اور فروغ دے رہی ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ پھیلاؤ حاصل کیا جا سکے۔



