امریکی قانون سازوں کی ٹرمپ سے اپیل H-1B ویزا پر پابندیاں ختم کی جائیں
امریکی کانگریس کے رکن جمی پنیٹا اور دیگر چار ارکانِ کانگریس نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو خط لکھا ہے جس میں H-1B ویزا پر پابندی کے حالیہ فیصلے پر نظرِ ثانی کی اپیل کی گئی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ بھارت-امریکہ تعلقات اور ٹیکنالوجی کے شعبے پر منفی اثر ڈال سکتا ہے۔
جمی پنیٹا نے کہا کہ "H-1B ویزا پروگرام نے امریکہ کو ٹیکنالوجی میں دنیا کی قیادت دلائی ہے”، اور مصنوعی ذہانت (AI) کے بڑھتے رجحان کے دور میں اس پروگرام کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے، نہ کہ محدود کرنے کی۔
خط پر دستخط کرنے والوں میں امی بیرا، سلود کارباجل، ڈیریک ٹران اور جولی جانسن شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کی کئی بڑی کمپنیاں انہی ویزا ہولڈرز نے قائم کیں جنہوں نے ملک میں روزگار کے مواقع پیدا کیے اور ٹیکنالوجی میں ترقی کو آگے بڑھایا۔
انہوں نے زور دیا کہ حکومت کو H-1B ویزا پروگرام کو وسعت دینی چاہیے تاکہ امریکہ ٹیکنالوجی میں عالمی قیادت برقرار رکھ سکے۔
اس کے علاوہ، امریکی ہوم لینڈ سکیورٹی ڈیپارٹمنٹ نے نئی ہدایات جاری کی ہیں جن کے تحت طلبہ ویزا سے H-1B میں تبدیلی کرنے والوں کو ایک لاکھ ڈالر فیس سے استثنا دیا گیا ہے۔



