چیوڑلہ حادثہ کا المناک واقعہ، ایک خاندان کی تین بیٹیاں جاں بحق
						تلنگانہ کے چیوڑلہ سڑک حادثہ نے کئی خاندانوں کو غم میں ڈوبا دیا، لیکن وقارآباد کے ایک ہی گھر کی تین بیٹیوں کی موت نے سب کو رُلا دیا۔
تفصیلات کے مطابق تانڈور ٹاؤن کے گاندھی نگر سے تعلق رکھنے والے ایلیا گوڑ کی بیٹیاں تنوشا، سائی پریا اور نندنی اس المناک حادثہ میں موقع پر ہی ہلاک ہوگئیں۔
چند روز قبل ہی یہ تینوں ایک شادی کی تقریب میں شریک ہو کر خوشیوں سے بھرپور لمحے گزار رہی تھیں، مگر اب وہ سب ایک ہی سانحہ میں ہمیشہ کے لیے بچھڑ گئیں۔
رشتہ داروں اور مقامی افراد کے مطابق پورے خاندان پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا۔ ہر آنکھ اشکبار ہے، اور علاقے میں سوگ کا ماحول چھا گیا ہے۔
دوسری جانب یالال منڈل کے لکشمی نارائن پور گاؤں کی اکھیلا ریڈی بھی اسی حادثے میں جاں بحق ہوگئی۔ وہ ایم بی اے کی طالبہ تھی۔ بیٹی کی موت کی خبر سن کر اُس کی ماں اور گھر والے جائے حادثہ پر پھوٹ پھوٹ کر رونے لگے۔
				


