بلاسپور ٹرین حادثہ: خوفناک تصادم میں 11 ہلاکتیں
بلاسپور (چھتیس گڑھ) میں پیش آنے والا خوفناک ٹرین حادثہ کئی خاندانوں کے لیے قیامت بن گیا۔ گیورا روڈ بلاسپور میمو ٹرین منگل کی شام تقریباً چار بجے ایک مال گاڑی سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق اور 20 سے زائد زخمی ہو گئے، جن میں خاتون اسسٹنٹ ڈرائیور بھی شامل ہیں۔
حادثہ گاتورا اور بلاسپور ریلوے اسٹیشن کے درمیان پیش آیا، جب میمو ٹرین تیزی سے چلتے ہوئے پیچھے سے مال گاڑی سے ٹکرا گئی۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ پہلا کوچ مال گاڑی کے اوپر چڑھ گیا۔
زخمی مسافر سنجیو وِشواکرمہ نے بتایا، "جب ہوش آیا تو میں سیٹ کے نیچے دبا ہوا تھا، آس پاس لاشیں تھیں، لوگ چیخ رہے تھے۔ میرا کوچ مال گاڑی کے اوپر چڑھ گیا تھا۔”
ایک اور مسافر موہن شرما نے کہا، "اگر ٹرین تھوڑی آہستہ چل رہی ہوتی تو شاید سب بچ جاتے۔”
جبکہ مہوش پروین، بی ایس سی کی طالبہ، نے بتایا کہ تصادم کے وقت وہ پہلے کوچ میں تھیں، "میری ٹانگ ٹوٹ گئی، لوگ مدد کے لیے چیخ رہے تھے۔”
تمام زخمیوں کو چھتیس گڑھ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (سی آئی ایم ایس) بلاسپور میں داخل کیا گیا ہے۔ ریلوے حکام نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔



