تلنگانہ حادثہ تین بیٹیوں سے محروم والد معاوضہ کا چیک لیتے وقت آبدیدہ ہوگیا
تلنگانہ کے چیوڑلہ میں پیش آئے بس حادثے نے کئی گھروں کو ویران کر دیا۔ اس حادثے میں 19 افراد ہلاک ہوئے جن میں تانڈور کے رہنے والے ایلیا گوڑ کی تین بیٹیاں بھی شامل تھیں۔ اپنی تینوں بیٹیوں کی موت نے اس باپ کی زندگی کو اندھیرے میں دھکیل دیا۔
حکومت کی جانب سے معاوضہ کے طور پر ایلیا گوڑ کو ہر بیٹی کے لیے 7 لاکھ روپے، یعنی کل 21 لاکھ روپے کا چیک دیا گیا۔ مگر چیک وصول کرتے وقت وہ اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکا اور زاروقطار رونے لگا۔
روتے ہوئے اس باپ نے کہا، “میری دوسری بیٹی ملازمت کرتی تھی اور ماہانہ 60 ہزار روپے کماتی تھی، کیا اب میری تینوں بیٹیوں کی کمائی ایک ساتھ ملی ہے؟” اس جملے نے وہاں موجود ہر شخص کو رُلا دیا۔
ذرائع کے مطابق، ایلیا گوڑ کی بیٹیاں سائی پریا، نندنی اور تانوشا سب پڑھائی میں آگے تھیں۔
دو لڑکیاں کوٹھی ویمنس ڈگری کالج میں زیر تعلیم تھیں، جبکہ تانوشا ایم بی اے کے ساتھ ساتھ نوکری بھی کر رہی تھی۔
خاندان کے مطابق، اس دن تینوں کالج کے لیے تاخیر کے باعث اسی بدقسمت بس میں سوار ہوئیں جو حادثے کا شکار ہوگئی۔
یہ دل دہلا دینے والا منظر دیکھ کر پورے علاقے میں غم اور سوگواری کی فضا چھا گئی۔



