تلنگانہ حکومت نے بڑے پیمانے پر وندے ماترم گانے کی ہدایت دی
تلنگانہ حکومت نے ’وندے ماترم‘ کے 150 سال مکمل ہونے کے موقع پر ریاست بھر میں اس کا اجتماعی ترانہ گانے کی ہدایت جاری کی ہے۔
چیف سکریٹری کے رام کرشنا راؤ نے جمعرات کو تمام ضلع کلکٹرس کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ جمعہ، صبح 10 بجے سرکاری دفاتر اور تعلیمی اداروں میں پورا ’وندے ماترم‘ گایا جائے۔
یہ احکامات ’وندے ماترم‘ کی 150 ویں سالگرہ کے موقع پر دیے گئے ہیں، جو بنكِم چندر چٹرجی نے سن 1875 میں تحریر کیا تھا۔
تمام سرکاری، بلدی، امدادی اور نجی تسلیم شدہ تعلیمی اداروں کو بھی اسی وقت اجتماعی گیت کا اہتمام کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
مرکزی سطح پر وزیر اعظم نریندر مودی جمعہ کو نئی دہلی میں اس تقریب کا افتتاح کریں گے، جو ملک بھر میں ایک سال تک جاری رہنے والی یادگاری تقاریب کا آغاز ہوگی۔
اس موقع پر ملک کے مختلف حصوں میں عوام، طلبہ، اساتذہ، سرکاری ملازمین، عوامی نمائندے، پولیس اہلکار، ڈاکٹر اور تاجر ایک ساتھ ’وندے ماترم‘ گائیں گے، جو قوم پرستی اور اتحاد کی علامت ہے۔
یہ ترانہ ابتدا میں بنگالی جریدے ’بنگ درشن‘ میں شائع ہوا تھا اور بعد میں ناول ’آنند مٹھ‘ کا حصہ بنا، جس نے آزادی کی تحریک میں قوم پرستی کی روح کو نئی جِلا بخشی۔



