جوبلی ہلز کی ترقی کیلئے پونم پربھاکر کی کانگریس کو ووٹ دینے کی اپیل
تلنگانہ کے وزیرِ ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ضمنی انتخاب میں کانگریس امیدوار نوین یادو کو ووٹ دے کر کامیاب بنائیں۔
ایک ویڈیو پیغام میں وزیر نے کہا کہ یہ انتخاب جوبلی ہلز کی ترقی کے لئے ایک سنہری موقع ہے، کیونکہ کانگریس پارٹی اقتدار میں ہے اور علاقے کی ترقی صرف حکومت میں موجود پارٹی کے ذریعہ ہی ممکن ہے۔
انہوں نے یاد دلایا کہ ماضی میں کنٹونمنٹ کے ضمنی انتخاب میں عوام نے ترقی کے نام پر کانگریس کو کامیابی دلائی تھی، اسی طرح اس بار بھی عوام کو ترقی پسند فیصلے کرنے کی ضرورت ہے۔
پونم پربھاکر نے کہا کہ نوین یادو ایک نوجوان، تعلیم یافتہ اور مقامی امیدوار ہیں جو عوام کے مسائل کو بخوبی سمجھتے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے ووٹ کا حق ضرور استعمال کریں اور جوبلی ہلز کے مستقبل کے لئے صحیح فیصلہ کریں۔


