وزیرِ اعظم مودی آج دہرادون میں 8 ہزار کروڑ کے منصوبوں کا افتتاح کریں گے
وزیرِ اعظم نریندر مودی آج دہرادون پہنچیں گے، جہاں وہ اتراکھنڈ کے قیام کی سلور جوبلی (25ویں سالگرہ) کے موقع پر منعقد تقریب میں شرکت کریں گے۔
اس موقع پر مودی 8,140 کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگِ بنیاد رکھیں گے۔
وزیرِ اعظم تقریب میں 930 کروڑ روپے کے مکمل منصوبے افتتاح کریں گے، جبکہ 7,210 کروڑ روپے کے نئے منصوبوں کا سنگِ بنیاد رکھیں گے۔ ان منصوبوں میں پینے کے پانی، آبپاشی، توانائی، کھیل، شہری ترقی اور فنی تعلیم کے شعبے شامل ہیں۔
اس موقع پر مودی 62 کروڑ روپے کی مالی امداد بھی 28 ہزار کسانوں کو فراہم کریں گے، جو براہِ راست ان کے بینک کھاتوں میں منتقل کی جائے گی۔
وزیرِ اعظم مودی دہرادون واٹر سپلائی پروجیکٹ، پٹھوراگڑھ میں الیکٹریکل سب اسٹیشن، سرکاری عمارتوں پر سولر پلانٹس، اور نالنیٹل کے ہاکی گراؤنڈ کا افتتاح بھی کریں گے۔
مزید برآں وہ سونگ ڈیم ڈرنکنگ واٹر پروجیکٹ اور جمارانی ڈیم ملٹی پرپز پروجیکٹ جیسے بڑے آبی منصوبوں کا سنگِ بنیاد رکھیں گے، جو پانی، بجلی اور آبپاشی کی سہولیات فراہم کریں گے۔
اتراکھنڈ 9 نومبر 2000 کو اتر پردیش سے الگ ہو کر بھارت کی 27ویں ریاست بنا۔ یہ دن اتراکھنڈ دیوس کے طور پر منایا جاتا ہے، جو ریاست کی جدوجہد، ثقافت اور خوبصورتی کی علامت ہے۔


