تلنگانہ میں سیاسی سرگرمیاں تیز، کے ٹی آر کا بیان
تلنگانہ میں سیاسی طوفان اٹھنے والا ہے جو کانگریس حکومت کو بہا لے جائے گا یہ دعویٰ کیا بی آر ایس کے ورکنگ صدر کے ٹی راما راؤ نے جوبلی ہلز میں منعقد ایک ریلی کے دوران کیا۔
کے ٹی آر نے موجودہ ریاستی حکومت پر تنقیدی اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ریونت ریڈی کی قیادت میں کانگریس حکومت کی پالیسیوں سے کئی غریب خاندان متاثر ہوئے اور ترقی کا عمل متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بی آر ایس امیدوار کو ووٹ دے کر ریاست کی ترقی اور بحالی کے عمل کو آگے بڑھانے میں تعاون کریں۔
انہوں نے کہا کہ کے چندر شیکھر راؤ جلد ہی واپس اقتدار میں آئیں گے اور ریاست کو گزشتہ دو سال کی تباہی سے باہر نکالیں گے۔ کے ٹی آر نے کہا، "اگر عوام نے کانگریس کو تلوار دے دی تو بی آر ایس لڑ نہیں پائے گی، اس لیے فیصلہ سوچ سمجھ کر کریں۔”
کے ٹی آر نے کہا کہ کانگریس پارٹی پر یہ الزامات ہیں کہ وہ بعض مقامات پر بی آر ایس کارکنوں پر دباؤ ڈال رہی ہے اور ان کے گھروں کے انہدام کی کارروائیاں کی جا رہی ہیں تاکہ انہیں کانگریس میں شامل کیا جا سکے۔
انہوں نے یاد دلایا کہ بی آر ایس حکومت نے عوامی فلاح کے لیے شادی مبارک، کلیانہ لکشمی اور کے سی آر کٹس جیسے فلاحی منصوبے شروع کیے، جبکہ کانگریس نے صرف بدامنی اور بے روزگاری بڑھائی۔
کے ٹی آر نے ریونت ریڈی سے سوال کیا کہ چندر شیکھر راؤ نے ایک لاکھ ڈبل بیڈروم مکانات بنائے، لیکن آپ نے دو سال میں کتنے بنائے؟
انہوں نے کہا کہ عوام اب ریاست کی ترقی اور انصاف کے لیے بی آر ایس کے ساتھ ہیں۔


