ہندوستان نے سعودی عرب کے ساتھ حج معاہدے پر دستخط کئے 2026
ہندوستان اور سعودی عرب کے درمیان حج 2026 کے لیے دوطرفہ معاہدہ جدہ میں طے پایا۔ اس موقع پر مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور، کرن رجیجو اور سعودی وزیرِ حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ نے ملاقات کی اور معاہدے پر دستخط کیے۔ اس کے تحت ہندوستان کے لیے عازمینِ حج کا کوٹہ 1,75,025 مقرر کیا گیا ہے۔
ملاقات میں دونوں ممالک نے حج انتظامات، سہولتوں، ٹرانسپورٹ، رہائش اور طبی خدمات کو بہتر بنانے پر تفصیلی گفتگو کی۔ وزیروں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہندوستانی عازمین کے لیے حج کا سفر محفوظ، آرام دہ اور منظم بنایا جائے گا۔
کرن رجیجو نے ریاض اور جدہ میں بھارتی سفارت خانے اور قونصل خانے کے افسران سے بھی ملاقات کی اور تیاریوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے سعودی حکام کے ساتھ قریبی تعاون پر اطمینان ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ ہند و سعودی تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا۔
وزیر نے جدہ ایئرپورٹ ٹرمینل ون اور حرَمین اسٹیشن کا بھی دورہ کیا تاکہ حج و عمرہ کی سہولتوں کا جائزہ لے سکیں۔ انہوں نے جدہ اور طائف میں بھارتی برادری کے اراکین سے بھی ملاقات کی۔


