لال قلعہ کے قریب زوردار دھماکہ، دہلی میں خوف و سنسنی پھیل گئی
دہلی پولیس نے دارالحکومت اور سرحدی علاقوں میں سیکیورٹی سخت کر دی ہے کیونکہ لال قلعہ کے قریب دھماکے اور ہریانہ کے فرید آباد میں 360 کلو مشتبہ امونیم نائٹریٹ اور اسلحہ کی برآمدگی کے بعد شہر میں الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق، ایک کشمیری ڈاکٹر کے کرایہ کے مکان سے بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد، اسلحہ اور ٹائمر برآمد کیے گئے۔
اسی دوران پیر کی شام لال قلعہ کے قریب ایک کار میں زوردار دھماکہ ہوا جس سے کئی گاڑیاں جل گئیں اور آس پاس کی کھڑکیاں ٹوٹ گئیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق کئی افراد کے زخمی ہونے کا خدشہ ہے۔
پولیس نے دہلی، ہریانہ اور اترپردیش کی سرحدوں پر چیکنگ سخت کر دی ہے۔
ریلوے اسٹیشن، میٹرو اسٹیشنز اور حساس علاقوں میں اضافی پولیس تعینات کر دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق سنگھو، ٹکری اور بدرپور سرحدوں پر اضافی ناکے لگائے گئے ہیں جبکہ گاڑیوں اور لاجز کی اچانک تلاشی بھی جاری ہے۔
ہریانہ پولیس نے ڈاکٹر مزمل کو فرید آباد سے گرفتار کیا ہے جو مبینہ طور پر جیش محمد سے منسلک مقدمے میں مطلوب تھا۔



