رنگاریڈی میں اسکول بس میں آگ ڈرائیور کی ہوشیاری سے بڑا حادثہ ٹل گیا
رنگاریڈی ضلع کے کاٹے دان علاقے میں آج صبح ایک بڑا حادثہ اس وقت ٹل گیا جب دہلی پبلک اسکول نادرگُل کی ایک بس میں اچانک آگ لگ گئی۔ اطلاعات کے مطابق، بس طلبہ کو گھروں پر چھوڑنے کے بعد واپس اسکول جا رہی تھی کہ اچانک انجن سے دھواں اٹھنا شروع ہوا۔
بس کے ڈرائیور نے فوری ہوشیاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بس کو سڑک کے کنارے روکا اور خود باہر نکل آیا۔ چند لمحوں میں بس شعلوں میں گھِر گئی اور دیکھتے ہی دیکھتے مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگئی۔
مقامی افراد نے فوری طور پر فائر بریگیڈ کو اطلاع دی۔ چندرایان گٹہ کے فائر عملے نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا۔ خوش قسمتی سے، حادثے کے وقت کوئی طالب علم بس میں موجود نہیں تھا، جس سے ایک بڑا سانحہ ٹل گیا۔
فائر ڈیپارٹمنٹ نے اسکول انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنی تمام بسوں کی مکمل ٹیکنیکل جانچ کروائیں تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔



