کولکاتا کے بعد حیدرآباد میں میسی کا سحر، اسٹیڈیم تالیوں سے گونج اٹھا
عالمی شہرت یافتہ فٹبال لیجنڈ لیونل میسی نے کولکاتا کے بعد حیدرآباد میں بھی شائقین کے دل جیت لیے۔ راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم، اپّل شائقین سے کھچا کھچ بھرا رہا، جہاں ہزاروں افراد اپنے پسندیدہ کھلاڑی کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے موجود تھے۔ اس موقع پر فضا مسلسل میسی، میسی کے نعروں سے گونجتی رہی۔
دوستانہ میچ کے دوران لیونل میسی نے تلنگانہ کے وزیراعلیٰ ریونت ریڈی کے ساتھ میدان میں کھیل کر شائقین کو خوشگوار حیرت میں ڈال دیا۔ وزیراعلیٰ نے اپنی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کے لیے ایک شاندار گول بھی کیا۔ میسی نے گیند کو مہارت سے کنٹرول کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کو پاس دیے اور دونوں کے درمیان چند لمحوں تک شاندار کھیل دیکھنے کو ملا۔
میسی نے کہا کہ بھارت میں ملنے والی محبت ان کے لیے ناقابلِ فراموش ہے اور وہ حیدرآباد آ کر بے حد خوش ہیں۔ اس سے قبل وہ شمس آباد ہوائی اڈے پہنچے جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ بعد ازاں انہوں نے فلک نما پیلس میں خصوصی ملاقات کے پروگرام میں شرکت کی۔
میسی کے دورے کے پیش نظر تلنگانہ پولیس نے سخت حفاظتی انتظامات کیے تھے، خاص طور پر کولکاتا میں پیش آئے واقعات کے بعد سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی۔ میسی بھارت کے دورے کے تحت آئندہ ممبئی اور نئی دہلی بھی جائیں گے، جہاں وہ وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کریں گے۔



