گوگل کا بڑا سنگ میل, الفابیٹ نے پہلی بار 100 ارب ڈالر کمائے، جیمِنی
گوگل کی والد کمپنی الفابیٹ نے اپنی تاریخ کا سب سے بڑا مالی سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ چیف ایگزیکٹیو آفیسر سندر پچائی نے اعلان کیا کہ کمپنی نے پہلی بار ایک سہ ماہی میں 100 ارب ڈالر سے زیادہ کی آمدنی حاصل کی ہے۔
یہ کامیابی تلاش (سرچ)، کلاؤڈ سروسز اور یوٹیوب میں دو ہندسوں کی تیز ترقی کی بدولت ممکن ہوئی۔
سندر پچائی نے بتایا کہ کمپنی کی جیمِنی ایپ نے 65 کروڑ ماہانہ فعال صارفین کا ہدف عبور کر لیا ہے، جب کہ سوالات کی تعداد پچھلی سہ ماہی کے مقابلے میں تین گنا بڑھ گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کلاؤڈ بزنس میں بھی شاندار اضافہ ہوا ہے، جہاں اے آئی سے متعلق آمدنی نے اہم کردار ادا کیا۔ کلاؤڈ کا بیک لاگ 46 فیصد بڑھ کر 155 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔
مزید بتایا گیا کہ کمپنی کے گوگل ون اور یوٹیوب پریمیئم صارفین کی تعداد بڑھ کر 30 کروڑ سے زائد ہو گئی ہے۔
الفابیٹ کی گوگل سروسز کی آمدنی 87 ارب ڈالر رہی جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 14 فیصد زیادہ ہے۔
یوٹیوب اور سرچ کی آمدنی میں بھی 15 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔
سندر پچائی کے مطابق، کمپنی نے اپنے ڈیٹا سینٹرز میں جدید ترین چِپس نصب کیے ہیں، جن میں این ویڈیا کے جی پی یوز اور گوگل کے خود تیار کردہ ٹی پی یوز شامل ہیں۔



