کرنول سانحہ: موٹر سائیکل ڈیوائیڈر سے ٹکرا کر گری، بس ٹکرانے سے خوفناک آگ بھڑک اٹھی
آندھرا پردیش کے بس حادثے کے بارے میں پولیس نے انکشاف کیا ہے کہ حادثے کی اصل وجہ وہ موٹر سائیکل تھی جو سڑک کے بیچ میں گری ہوئی تھی۔ یہ حادثہ کرنول کے قریب چناٹیکور گاؤں میں پیش آیا، جس میں 19 مسافر زندہ جل گئے۔
پولیس کے مطابق، شیوا شنکر نامی شخص جو موٹر سائیکل چلا رہا تھا، ڈیوائیڈر سے ٹکرا کر موقع پر ہی ہلاک ہو گیا، جبکہ اس کا ساتھی ایری سوامی عرف نانی معمولی زخمی ہو کر موقع سے فرار ہو گیا۔
کرنول کے ایس پی وکاس پاٹل نے بتایا کہ ایری سوامی نے بیان میں کہا کہ اس نے شیوا شنکر کو سڑک کنارے کھینچنے کی کوشش کی اور جیسے ہی وہ موٹر سائیکل کو ہٹانے لگا، ایک تیز رفتار بس نے ٹکر مار دی۔ بس نے موٹر سائیکل کو کچھ دور تک گھسیٹتے ہوئے آگ پکڑ لی۔
پولیس کے مطابق، حادثے سے کچھ دیر قبل دونوں دوستوں نے رات 2 بج کر 24 منٹ پر پیٹرول پمپ سے ایندھن بھروایا تھا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج سے پتا چلا ہے کہ شیوا شنکر نشے کی حالت میں تھا اور موٹر سائیکل غیر متوازن انداز میں چل رہی تھی۔
پولیس کے مطابق، موٹر سائیکل بس کے نیچے پھنس گئی جس سے رگڑ اور پٹرول کے رساؤ سے آگ بھڑک اٹھی۔
حادثے کی مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ بس کی رفتار اور لاپرواہی کے پہلوؤں کی تصدیق کی جا سکے۔



