ہانگ کانگ میں رہائشی عمارتوں میں ہولناک آگ کم از کم 13 افراد جاں بحق
ہانگ کانگ کے ضلع تائی پو میں بدھ کی دوپہر خوفناک آگ نے کئی اونچی رہائشی عمارتوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 13 افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ متعدد افراد اب بھی عمارتوں کے اندر پھنسے ہونے کا خدشہ ہے۔
آگ وانگ فک کورٹ ہاؤسنگ کمپلیکس میں لگی، جس میں آٹھ بلاکس اور دو ہزار فلیٹس شامل ہیں۔ آگ کے شعلے عمارتوں کی 31 منزلوں تک بھڑک اٹھے، جبکہ کالی سیاہ دھوئیں کے بادل دور دور تک دکھائی دیے۔
حکام کے مطابق جاں بحق افراد میں ایک فائر فائٹر بھی شامل ہے، جبکہ دس سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
ایک 71 سالہ رہائشی، مسٹر وونگ، روتے ہوئے بتایا کہ ان کی بیوی عمارت کے اندر پھنس گئی تھی۔ اسی طرح 66 سالہ ہیر ی چیونگ نے بیان دیا کہ انہوں نے دوپہر 2:45 پر زور دار دھماکہ سنا اور پھر آگ کو پھیلتے دیکھا۔
عمارتوں پر بانس کی اسکیفولڈنگ نصب تھی جو آگ کے دوران زمین پر گرتی رہی۔ فائر بریگیڈ کی بڑی تعداد نے کئی گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پانے کی کوشش جاری رکھی۔
تائی پو ہانگ کانگ کا گنجان آباد علاقہ ہے جس کی آبادی تین لاکھ کے قریب ہے۔ یہاں گھر خریدنا عام شہریوں کے لیے تقریباً ناممکن ہے کیونکہ یہ دنیا کے مہنگے ترین رہائشی بازاروں میں شمار ہوتا ہے۔
آگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے اسے لیول 5 الارم (سب سے اونچا درجہ) قرار دیا گیا۔ تیز ہواؤں نے شعلوں کو مزید بھڑکا دیا جس کے باعث آگ سات بلاکس تک پھیل گئی۔
واقعے کے بعد تائی پو روڈ کو بند کردیا گیا جبکہ کئی بسوں کا رخ بھی تبدیل کردیا گیا۔



