تلگو ریاستوں میں المناک حادثات دس دن میں 40 ہلاکتیں
تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں دس دنوں کے اندر دو خوفناک حادثات نے عوام کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔ ان واقعات میں کل 40 افراد جان کی بازی ہار گئے، جن میں چیولہ بس ٹرک ٹکر اور کرنول بس آگ حادثہ شامل ہیں۔
پہلا حادثہ 24 اکتوبر کو پیش آیا جب حیدرآباد سے بنگلورو جانے والی ایک نجی بس کرنول ضلع میں موٹر سائیکل سے ٹکرا کر آگ کی لپیٹ میں آگئی۔ اس حادثے میں 19 افراد بشمول بائیک سوار ہلاک ہوئے۔
دوسرا حادثہ چیولہ (رانگا ریڈی ضلع) میں ہوا جہاں بجری سے بھرا ٹرک ایک آر ٹی سی بس سے جا ٹکرایا۔ افسوسناک طور پر 19 مسافر اور دو ڈرائیور موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ کئی افراد زخمی اور بس کے ملبے میں پھنس گئے۔
دونوں حادثے صبح کے وقت پیش آئے اور اوورلوڈ گاڑیوں کی وجہ سے ہوئے، جس سے روڈ سیفٹی کے دعوے بے نقاب ہوگئے۔ حکام نے دونوں ریاستوں میں تحقیقات کے احکامات جاری کر دیے ہیں اور اوورلوڈڈ و ناقص گاڑیوں کے خلاف خصوصی چیکنگ مہم شروع کر دی گئی ہے۔



