خواتین کے لباس پر تبصرہ، اداکار شیواجی کو نوٹس، وضاحت اور معذرت
تلنگانہ میں فلم اداکار شیواجی کے خواتین کے لباس سے متعلق مبینہ نامناسب تبصروں پر شدید ردِعمل سامنے آیا ہے۔ تلنگانہ اسٹیٹ کمیشن برائے خواتین نے معاملے کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے اداکار کو طلبی نوٹس جاری کیا ہے اور انہیں ستائیس دسمبر کو کمیشن کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت دی گئی ہے۔
کمیشن کے مطابق، فلم ڈھنڈورا کی تشہیری تقریب کے دوران دیے گئے بیانات خواتین کے وقار کے منافی ہیں، بالخصوص تلنگانہ کی خواتین کے لیے یہ تبصرے قابلِ اعتراض سمجھے گئے ہیں۔ کمیشن کی جانب سے کہا گیا کہ ابتدائی جانچ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ بیان دانستہ طور پر دیا گیا، جس سے سماج میں خواتین کی بدنامی کا خدشہ پیدا ہوا۔
تنازع اس وقت شروع ہوا جب اداکار نے تقریب کے دوران کہا کہ خواتین روایتی لباس میں زیادہ خوبصورت نظر آتی ہیں اور ساڑی پہننے سے ان کی خوبصورتی میں اضافہ ہوتا ہے۔ ان کے مطابق بعض اوقات لوگ بظاہر تعریف کرتے ہیں مگر دل ہی دل میں مختلف خیالات رکھتے ہیں۔
بیان پر سوشل میڈیا اور مختلف حلقوں سے شدید تنقید کے بعد اداکار نے ویڈیو پیغام کے ذریعے معذرت کر لی۔ انہوں نے کہا کہ وہ اچھا پیغام دینا چاہتے تھے، مگر چند ناموزوں الفاظ استعمال ہو گئے، جس پر وہ دل سے شرمندہ ہیں۔ اداکار نے وضاحت کی کہ ان کے خیالات تمام خواتین کے بارے میں نہیں تھے اور وہ خواتین کے لیے عزت و احترام رکھتے ہیں۔



