بین الاقوامیعرب دنیا

بھارت۔بنگلہ دیش کشیدگی، ویزا خدمات عارضی طور پر معطل

بنگلہ دیش نے نئی دہلی میں واقع اپنی ہائی کمیشن اور تریپورہ میں قائم اسسٹنٹ ہائی کمیشن میں قونصلر اور ویزا خدمات عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی سفارتی کشیدگی کے پس منظر میں سامنے آیا ہے۔ ذرائع کے مطابق دونوں مقامات پر احتجاجی مظاہروں کے بعد سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر یہ قدم اٹھایا گیا۔

بنگلہ دیش ہائی کمیشن کی جانب سے جاری نوٹس میں کہا گیا کہ ناگزیر حالات کے باعث تمام قونصلر اور ویزا خدمات اگلے حکم تک بند رہیں گی اور عوام سے معذرت کی گئی ہے۔ اس پیش رفت سے قبل بھارت نے چٹاگانگ میں واقع انڈین ویزا ایپلی کیشن سینٹر میں ویزا کارروائی ایک سکیورٹی واقعہ کے بعد معطل کر دی تھی۔

تریپورہ میں بنگلہ دیش کے اسسٹنٹ ہائی کمیشن نے بھی احتجاج کے بعد ویزا خدمات کی بندش کی تصدیق کی۔ اس کے علاوہ سلی گڑی میں ویزا درخواستوں کی پروسیسنگ کرنے والے ایک نجی ادارے نے بھی اپنی خدمات روک دی ہیں۔

بنگلہ دیش میں حالیہ دنوں میں سیاسی بے چینی میں اضافہ ہوا ہے، جو ایک طلبہ رہنما کی موت کے بعد شدت اختیار کر گئی۔ بعض مظاہرین نے بھارت مخالف نعرے بھی لگائے۔ اسی دوران مائمین سنگھ میں ایک ہندو شہری کی ہلاکت اور چٹاگانگ میں بھارتی مشن کے باہر ہنگامہ آرائی کے واقعات پیش آئے۔

بھارت نے ان حالات کے بعد بنگلہ دیش کے سفیر کو طلب کر کے شدید تشویش کا اظہار کیا اور انتہا پسند عناصر کے بیانیے کو مسترد کرتے ہوئے سکیورٹی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button