بنگلہ دیش میں گلوکار جیمز کا کنسرٹ منسوخ، ہجوم کا پتھراؤ
بنگلہ دیش کے شہر فریدپور میں معروف گلوکار جیمز کا طے شدہ کنسرٹ تشدد کے باعث منسوخ کر دیا گیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق یہ پروگرام ایک اسکول کی سالگرہ کے موقع پر جمعہ کی رات منعقد ہونا تھا، تاہم پروگرام سے قبل ہی ہجوم نے مقامِ تقریب پر اینٹیں اور پتھر پھینکنا شروع کر دیے جس سے وہاں موجود افراد میں افرا تفری مچ گئی۔
معروف مصنفہ تسلیمہ نسرین نے اس واقعے کو بنگلہ دیش میں بڑھتی ہوئی ثقافتی عدم برداشت کی ایک اور مثال قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ثقافتی ادارے، فنکار اور موسیقی مسلسل نشانے پر ہیں اور حالیہ عرصے میں کئی نامور فنکاروں نے سلامتی کے خدشات کے باعث پروگرام منسوخ کیے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ موسیقی، رقص اور تھیٹر سے وابستہ اداروں پر حملے تشویشناک رجحان کی نشاندہی کرتے ہیں۔ ان کے مطابق کچھ فنکاروں نے واضح کر دیا ہے کہ جب تک فن اور ثقافت محفوظ نہیں ہوتے، وہ بنگلہ دیش میں پرفارم نہیں کریں گے۔
جیمز بنگلہ دیش کے نہایت مقبول گلوکار ہیں اور ان کے کنسرٹ پر حملہ اس بات کی علامت ہے کہ انتہا پسند عناصر کس حد تک حوصلہ پکڑ چکے ہیں۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ ریاستی سطح پر مؤثر کارروائی نہ ہونا حالات کو مزید سنگین بنا رہا ہے، جس سے امن و امان اور ثقافتی آزادی کو شدید خطرات لاحق ہیں۔



