بنگلور میں خوفناک انکشاف: سرجن شوہر نے بیوی کو نشہ آور انجکشن دے کر قتل کیا
بنگلور میں ایک حیران کن کیس میں پولیس نے معروف ڈرمٹولوجسٹ ڈاکٹر کرتیکا ریڈی کے قتل کے الزام میں ان کے شوہر ڈاکٹر مہندر ریڈی کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم نے اپنی بیوی کو نشہ آور دوا "پروپوفول” کا انجکشن دے کر قتل کیا تاکہ یہ قدرتی موت لگے۔
دونوں میاں بیوی وِکٹوریا اسپتال میں ڈاکٹر کے طور پر کام کرتے تھے اور ان کی شادی 26 مئی 2024 کو ہوئی تھی۔ لیکن صرف گیارہ ماہ بعد، 23 اپریل 2025 کو کرتیکا اپنے والد کے گھر ماراتھاہلی میں اچانک بے ہوش ہو کر گر پڑیں۔ انہیں اسپتال لے جایا گیا جہاں انہیں مردہ قرار دیا گیا۔
پہلے اسے قدرتی موت سمجھا گیا، مگر کرتیکا کی بہن ڈاکٹر نکیتا ریڈی نے شک ظاہر کیا۔ بعد میں فورینزک سائنس لیبارٹری (FSL) کی رپورٹ میں ان کے جسم میں پروپوفول کی بڑی مقدار پائی گئی، جس سے واضح ہوا کہ موت زہریلی دوا کے انجکشن سے ہوئی۔
پولیس نے کیس کو قتل میں تبدیل کر کے ڈاکٹر مہندر کو ادھوپی کے مانی پال سے گرفتار کر لیا۔ ان کے خلاف پہلے ہی لوک آؤٹ سرکیولر جاری تھا۔ تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ مہندر نے اپنی میڈیکل معلومات اور پیشہ ورانہ رسائی کو استعمال کرتے ہوئے جرم کو چھپانے کی کوشش کی۔
مزید تحقیقات میں یہ بھی معلوم ہوا کہ ملزم کے خاندان کا مجرمانہ پس منظر ہے، جو شادی کے وقت چھپایا گیا تھا۔
ڈاکٹر کرتیکا، 28 سالہ، جلد کی بیماریوں کی ماہر تھیں اور جلد ہی اپنی کلینک "سکن اینڈ اسکیلپل” کھولنے والی تھیں۔
ان کے والد مونی ریڈی نے کہا:
"جس علم سے زندگیاں بچنی چاہئیں، اسی علم نے میری بیٹی کی جان لے لی۔ یہ صرف کرتیکا کا نہیں، ہر اس عورت کا انصاف ہے جو محبت پر یقین رکھتی ہے۔”



