علاقائی خبریںقومی

بھگوان بدھ سب کے ہیں وزیرِ اعظم مودی نے پپراہوا آثار کی نمائش کا افتتاح کیا

وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کے روز نئی دہلی کے رائے پٹھورا ثقافتی مرکز میں بھگوان بدھ سے منسوب پپراہوا کے مقدس آثارِ مقدسہ کی عظیم نمائش کا افتتاح کیا۔ اس نمائش میں بدھ کے مقدس جسمانی آثار، ریت کے پتھر کا صندوق اور زیورات و قیمتی پتھر شامل ہیں، جو انیسویں صدی کے آخر میں شمالی ہند میں دریافت ہوئے تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ بھگوان بدھ کے آثار صرف تاریخی نوادرات نہیں بلکہ ہندوستانی تہذیب اور وراثت کا اٹوٹ حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بدھ کی تعلیمات پوری انسانیت کے لیے ہیں اور ان کا پیغام امن، کرونہ اور بھائی چارے پر مبنی ہے۔ وزیر اعظم نے گودریج گروپ کا خصوصی شکریہ ادا کیا، جن کی کوششوں سے یہ مقدس وراثت وطن واپس لوٹی۔

اس افتتاحی تقریب میں مرکزی وزیر ثقافت گجیندر سنگھ شیخاوت، مختلف ممالک کے سفیران، بدھ مت کے معزز راہب، ماہرینِ آثارِ قدیمہ، دانشوران، فنونِ لطیفہ سے وابستہ شخصیات اور طلبہ کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

وزارتِ ثقافت کے مطابق ۱۸۹۸ء میں اتر پردیش کے پپراہوا میں ان آثار کی دریافت کے بعد انہیں دنیا کے مختلف حصوں میں تقسیم کر دیا گیا تھا۔ ایک حصہ تھائی لینڈ، دوسرا برطانیہ اور کچھ کلکتہ کے عجائب گھر میں محفوظ رہا۔ بعد میں نیلامی کی کوشش کو روک کر ۲۰۲۵ء میں یہ آثار دوبارہ ہندوستان واپس لائے گئے۔

وزارت نے بتایا کہ اب تک ۶۴۲ تاریخی نوادرات وطن واپس لائے جا چکے ہیں، جن میں پپراہوا آثار کی واپسی ایک تاریخی سنگِ میل ہے۔ یہ نمائش ۴ جنوری سے عوام کے لیے کھلی رہے گی اور کئی مہینوں تک جاری رہے گی۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button