بلدی انتخابات میں کانگریس کو ہرانے کیلئے بی آر ایس اور بی جے پی میں خفیہ اتحاد: چیف منسٹر ریونت ریڈی

حیدرآباد، 7 فروری: تلنگانہ کے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے الزام عائد کیا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں کانگریس کو شکست دینے کیلئے بی آر ایس اور بی جے پی کے درمیان مضبوط اور خفیہ گٹھ جوڑ قائم ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے عوام بی آر ایس کو مسترد کر چکے ہیں، اسی لیے اب دونوں جماعتیں ایک دوسرے کے سہارے سیاست کر رہی ہیں۔
ضلع وقارآباد کے پرگی میں منعقدہ ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ کانگریس حکومت کے دو سالہ دور میں ریاست میں ترقی اور فلاح و بہبود کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ سابق حکومتوں کی غلطیوں کی اصلاح کرتے ہوئے عوامی مفاد میں فیصلے کیے جا رہے ہیں اور مالی دباؤ کے باوجود کئی فلاحی اسکیمات پر مؤثر عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔
ریونت ریڈی نے کہا کہ بی آر ایس پارٹی میں بی جے پی سے وابستہ امیدواروں کو بی فارم دیے جانے کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں، جو دونوں جماعتوں کے درمیان گٹھ جوڑ کا واضح ثبوت ہے۔
چیف منسٹر نے الزام لگایا کہ بی آر ایس اور بی جے پی نے کبھی مقامی مسائل کو سنجیدگی سے حل کرنے کی کوشش نہیں کی۔ انہوں نے بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بلدی انتخابات میں تلنگانہ کے بی جے پی قائدین وزیراعظم نریندر مودی کی تصاویر دکھا کر ووٹ مانگ رہے ہیں، جبکہ عوام کو مقامی سطح پر ہونے والے مسائل کا جواب چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ عوام نے بی آر ایس کو 10 سال اور بی جے پی کو مرکز میں 12 سال حکومت کرنے کا موقع دیا، مگر دونوں جماعتیں وعدے پورے کرنے اور عوامی مسائل حل کرنے میں ناکام رہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے عوام نے بی آر ایس کو اقتدار سے بے دخل کر دیا اور اب اگلی باری بی جے پی کی ہوگی۔
ریونت ریڈی نے کہا کہ کانگریس حکومت مالی مشکلات کے باوجود عوام سے کیے گئے وعدوں کو مرحلہ وار پورا کر رہی ہے، اور گرام پنچایت کے نتائج حکومت کی کارکردگی کا ثبوت ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بلدی انتخابات میں کانگریس کو مزید بہتر نتائج حاصل ہوں گے۔
چیف منسٹر نے ضلع رنگاریڈی کی ترقی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سابق چیف منسٹر ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی نے چیوڑلہ پراجکٹ کا آغاز کیا تھا، تاہم کے سی آر کے دور حکومت میں محبوب نگر اور رنگاریڈی کے آبپاشی منصوبوں کو نظرانداز کیا گیا۔
انہوں نے کالیشورم پراجکٹ کو بدعنوانی کی علامت قرار دیتے ہوئے الزام لگایا کہ اس منصوبے کی آڑ میں ہزاروں کروڑ روپے کی مبینہ لوٹ مار کی گئی۔ ریونت ریڈی نے یقین دلایا کہ کانگریس حکومت گوداوری کا پانی حاصل کرتے ہوئے تانڈور، وقارآباد اور چیوڑلہ جیسے علاقوں کو سرسبز و شاداب بنانے کا وعدہ ہر حال میں پورا کرے گی۔
(وقارِ ہند نیوز ڈیسک)



