جوبلی ہلز انتخاب میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی
بی آر ایس نے ڈپٹی چیف منسٹر مالو بھٹی وکرم ارکا اور کانگریس رہنماؤں پر جوبلی ہلز ضمنی انتخاب کے دوران انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا الزام لگایا ہے۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ کانگریس قائدین نے ووٹروں کو متاثر کرنے اور سرکاری عہدے کا غلط استعمال کیا۔
بی آر ایس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بھٹی وکرم ارکا کا انتخابی حلقے کا دورہ جمہوریت کی توہین ہے۔ پارٹی نے الزام لگایا کہ کانگریس رہنماؤں نے رقم تقسیم کی، ووٹروں کو لالچ دیا اور بی آر ایس کارکنوں پر حملے کیے، جبکہ پولیس اور الیکشن افسران خاموش تماشائی بنے رہے۔
بی آر ایس کے وفد نے چیف الیکٹورل آفیسر سے ملاقات کرکے بڑی پیمانے پر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی اور بی آر ایس کیمپ پر حملوں کی شکایت درج کرائی۔ سابق رکن اسمبلی بولا مالیا یادو نے کہا کہ پولیس کانگریس ایجنٹوں کی طرح برتاؤ کر رہی ہے۔ ان کے مطابق، کانگریس ووٹروں کو ڈرانے دھمکانے کی کوشش کر رہی ہے کیونکہ اسے شکست کا خوف ہے۔
دوسری جانب، چیف الیکٹورل آفیسر سی سدھارتھن ریڈی نے کہا کہ غیر مقامی رہنماؤں کی موجودگی پر سخت نوٹس لیا گیا ہے اور تین مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ نو پولنگ اسٹیشنوں پر ای وی ایم تبدیل کی گئی اور پیراملٹری فورسز تعینات کی گئیں۔ مجموعی طور پر پولنگ پرامن رہی۔



