علاقائی خبریںقومی

اے آئی 171 حادثہ: پائلٹ کے والد کی سپریم کورٹ سے انصاف کی فریاد

احمد آباد میں پیش آئے اے آئی 171 طیارہ حادثے کو چار ماہ گزر چکے ہیں، جس میں 260 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔ اب مرحوم پائلٹ کیپٹن سمیٹ سبر وال کے والد، 88 سالہ پشکراج سبر وال نے سپریم کورٹ سے رجوع کرتے ہوئے عدالتی نگرانی میں غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ حادثے کی ابتدائی رپورٹ ناقص ہے اور تحقیقات صرف پائلٹس پر الزام ڈالنے پر مرکوز ہیں، جو خود اپنی صفائی پیش کرنے کے قابل نہیں رہے۔ درخواست گزاروں میں فیڈریشن آف انڈین پائلٹس بھی شامل ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ تحقیقاتی ٹیم کا ڈھانچہ غیر منصفانہ ہے کیونکہ اس میں زیادہ تر ڈی جی سی اے اور ریاستی ایوی ایشن حکام شامل ہیں، جن کے نظامی نقائص بھی حادثے کا سبب بن سکتے ہیں۔ اس طرح وہ اپنی ہی کوتاہیوں کی خود تحقیقات کر رہے ہیں۔

درخواست میں کہا گیا کہ صرف سپریم کورٹ کی نگرانی میں ماہرین پر مشتمل کمیٹی ہی اس سانحے کی شفاف اور غیر جانبدار تحقیقات کر سکتی ہے۔

کیپٹن سبر وال نے اپنی 30 سالہ شاندار کیریئر میں 15 ہزار گھنٹے سے زائد حادثہ سے پاک پروازیں کیں۔ وہ بوئنگ 787-8 پر پرواز کرنے والے تجربہ کار پائلٹ تھے۔

واضح رہے کہ یہ طیارہ 12 جون کو احمد آباد سے لندن گیٹوک روانہ ہوا تھا لیکن چند سیکنڈ بعد ہی گر کر تباہ ہوگیا، جس میں 12 عملے کے ارکان اور 229 مسافر ہلاک ہوئے۔

پائلٹ تنظیموں نے سرکاری رپورٹ میں بیان کردہ "انسانی غلطی” کے دعوے کو غلط اور یکطرفہ قرار دیا ہے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button