جے این ٹی یو فلائی اوور پر تیز رفتار کار حادثہ
اتوار کی صبح جے این ٹی یو پل پر پیش آنے والے خوفناک کار حادثے نے علاقے میں افراتفری مچا دی۔ حادثہ صبح تقریباً 7 بجکر 50 منٹ پر پیش آیا، جب ایک تیز رفتار کار نے پہلے ڈوائیڈر سے ٹکر ماری اور پھر ایک موٹر سائیکل کو ٹکر دینے کے بعد الٹ گئی۔
حادثے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیمیں اور پولیس موقع پر پہنچ گئیں۔ کار میں پانچ افراد سوار تھے، جن میں دو نوجوان مرد (سوڈانی طلبہ) اور تین لڑکیاں شامل تھیں۔ حادثے کے بعد لڑکیوں نے فوراً گاڑی سے نکل کر ٹیکسی بُک کر کے جائے حادثہ چھوڑ دیا۔
پولیس کے مطابق، ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ کار یا تو کرائے پر لی گئی تھی یا کسی دوست کی تھی۔
دونوں غیر ملکی طلبہ شمس آباد میں مقیم ہیں اور شہر کے ایک تعلیمی ادارے میں زیرِ تعلیم ہیں۔ پولیس نے انہیں تحویل میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے تاکہ حادثے کی مکمل وجوہات سامنے آ سکیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تیز رفتاری اور لاپرواہی اس حادثے کی بنیادی وجہ معلوم ہوتی ہے۔



