کرنول حادثہ: بائیک سوار کی ویڈیو، 20 افراد کی جان گئی
آندھرا پردیش کے ضلع کرنول میں پیش آئے خوفناک بس حادثے سے متعلق ایک سی سی ٹی وی ویڈیو منظرِ عام پر آئی ہے، جس میں ایک موٹر سائیکل سوار کو حادثے سے چند لمحے پہلے غیر محتاط انداز میں گاڑی چلاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
یہ ویڈیو 24 اکتوبر کی رات 2 بج کر 23 منٹ پر ایک پٹرول پمپ کی ہے، جہاں شیوا شنکر نامی شخص اپنی موٹر سائیکل کے ساتھ نظر آتا ہے۔ ویڈیو میں وہ نشے کی حالت میں غیر متوازن انداز میں سواری کرتا دکھائی دیتا ہے۔
پولیس کے مطابق، یہی شیوا شنکر وہ موٹر سائیکل سوار تھا جس کی گاڑی بنگلور جانے والی نجی بس سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں بس میں آگ بھڑک اٹھی۔ حادثے میں 19 مسافر اور موٹر سائیکل سوار موقع پر ہی جھلس کر جاں بحق ہو گئے۔
واقعے کے وقت بس میں 44 مسافر سوار تھے، جن میں سے کچھ نے کھڑکیاں توڑ کر جان بچائی۔ عینی شاہدین کے مطابق، آگ پہلے بس کے اگلے حصے میں لگی اور چند ہی لمحوں میں پورے ڈھانچے کو لپیٹ میں لے لیا۔
وزیر داخلہ آندھرا پردیش ونگلاپودی انیتا نے اعلان کیا کہ ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی حادثے کی مکمل تحقیقات کرے گی اور رپورٹ وزیر اعلیٰ چندرا بابو نائیڈو کو پیش کی جائے گی۔



