علاقائی خبریںقومی

بہار کو بڑا تحفہ: 7,616 کروڑ کے ریلوے اور شاہراہ منصوبوں کی منظوری

پٹنہ: اسمبلی انتخابات سے قبل بہار کو بڑا تحفہ دیتے ہوئے مرکزی حکومت نے بدھ کے روز 7,616 کروڑ روپے مالیت کے دو اہم منصوبوں کو منظوری دے دی۔ ان منصوبوں میں قومی شاہراہ اور ریلوے لائن کی توسیع شامل ہے جو نہ صرف ریاست کی ترقی میں سنگ میل ثابت ہوں گے بلکہ روزگار کے ہزاروں مواقع بھی پیدا کریں گے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات اشونی ویشنو کے مطابق پہلا منصوبہ بکسّر۔بھاگلپور قومی شاہراہ کے مکامہ۔مونگیر حصے کی 82 کلومیٹر لمبی گرین فیلڈ سڑک کی تعمیر ہے، جس پر 4,447 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ دوسرا منصوبہ 177 کلومیٹر طویل بھاگلپور۔ڈمکا۔رامپورہاٹ ریلوے لائن کو دوہرا کرنے کا ہے، جس پر 3,169 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔ دونوں منصوبے تین سال میں مکمل کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔


سرکاری اعلامیے کے مطابق چار رویہ قومی شاہراہ منصوبہ تقریباً 14.83 لاکھ یومیہ براہِ راست اور 18.46 لاکھ یومیہ بالواسطہ روزگار فراہم کرے گا، جس سے ریاست میں معاشی سرگرمیاں تیز ہوں گی۔ یہ شاہراہ گاڑیوں کے لیے اوسط رفتار 80 کلومیٹر فی گھنٹہ فراہم کرے گی اور سفر کا وقت تقریباً ڈیڑھ گھنٹہ کم ہو جائے گا۔

ریلوے لائن کی توسیع بہار، جھارکھنڈ اور مغربی بنگال کے درمیان بہتر ربط فراہم کرے گی۔ اس منصوبے سے تقریباً 28.72 لاکھ افراد کو فائدہ پہنچے گا اور کوئلہ، سیمنٹ اور کھاد جیسی اشیاء کی ترسیل میں اضافہ ہوگا۔ ساتھ ہی دیوگھر اور تارا پیتھ جیسے اہم مذہبی مقامات تک رسائی بھی آسان ہو جائے گی۔

وزیر نے کہا کہ یہ منصوبے وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں جاری تبدیلی کی عکاسی کرتے ہیں، جو ملک بھر میں روزگار اور ترقی کو فروغ دے رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button