علاقائی خبریںقومی

مرکز کا بڑا فیصلہ انڈیگو کو روزانہ 200 سے زائد پروازیں کم کرنے کا حکم

مرکز نے ملک کی سب سے بڑی ایئرلائن انڈیگو کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنی روزانہ کی پروازوں میں ۱۰ فیصد کمی کرے۔ یہ فیصلہ گزشتہ چند دنوں میں ۲۰۰۰ سے زائد پروازوں کی منسوخی اور شدید بدنظمی کے بعد سامنے آیا ہے۔ اس حکم کے تحت انڈیگو کو اپنے روزانہ ۲۲۰۰ میں سے ۲۰۰ سے زیادہ پروازیں کم کرنی ہوں گی۔

وزارتِ شہری ہوابازی کے مطابق یہ فیصلہ اس لیے ضروری تھا تاکہ ایئرلائن کے نظام کو مستحکم کیا جا سکے اور پروازوں کی بار بار منسوخی پر قابو پایا جا سکے۔ وزارت نے کہا کہ پروازیں کم ہونے کے باوجود انڈیگو اپنی تمام منزلوں پر سروس جاری رکھے گی۔

انڈیگو نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ وزارت کے تمام احکامات پر مکمل عمل کرے گی، جن میں کرایوں کی حد بندی اور مسافروں کی سہولت کے اقدامات شامل ہیں۔

اس سے قبل انڈیگو کے سربراہ پیٹر ایلبرز کو وزارت میں طلب کیا گیا تھا، جہاں صورتحال کی تفصیلات پیش کرنے کے بعد یہ فیصلہ لیا گیا۔ شہری ہوا بازی کے وزیر کے رام موہن نائیڈو نے بھی واضح کیا کہ اگر غلطی ثابت ہوئی تو سخت کارروائی کی جائے گی۔

ابتدائی طور پر ڈی جی سی اے نے ۵ فیصد کٹوتی کا حکم دیا تھا، لیکن تازہ ہدایات میں اسے ۱۰ فیصد کر دیا گیا ہے۔ انڈیگو نے یہ بھی بتایا کہ ۶ دسمبر تک متاثرہ تمام پروازوں کے ۱۰۰ فیصد ریفنڈ جاری کر دیے گئے ہیں، جبکہ باقی معاملات تیزی سے نمٹائے جا رہے ہیں۔

حالیہ بحران پر حکومت نے انڈیگو کے انتظامیہ کو پہلے ہی نوٹس جاری کر دیا تھا اور معاملے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button