نرملا سیتارمن: شمال مشرق میں تعلیم پر 21 ہزار کروڑ کی سرمایہ کاری
مرکزی وزیرِ خزانہ نرملا سیتارمن نے کہا ہے کہ پچھلے 11 برسوں میں شمال مشرقی ریاستوں میں تعلیمی شعبے میں 21 ہزار کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس دوران خطے میں کنیکٹیوٹی میں نمایاں بہتری آئی ہے، نئی ریاستوں کو ریلوے نیٹ ورک سے جوڑا گیا اور کئی نئے ہوائی اڈے قائم کیے گئے ہیں۔
سیتارمن آسام کے گوہ پور ضلع میں ریاست کی پہلی ٹیکنیکل اور ووکیشنل یونیورسٹی ’شہید کنکلتا بروا اسٹیٹ یونیورسٹی‘ کا سنگِ بنیاد رکھنے کے بعد خطاب کر رہی تھیں۔ یہ یونیورسٹی 415 کروڑ روپے کی لاگت سے 241 ایکڑ پر تعمیر کی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ 2014 سے اب تک شمال مشرق میں 850 سے زائد نئے اسکول کھولے گئے ہیں، پہلا ایمس اسپتال فعال ہوا ہے، 200 سے زائد اسکل ڈیولپمنٹ انسٹی ٹیوٹ قائم کیے گئے ہیں، اور ملک کی پہلی اسپورٹس یونیورسٹی بھی اسی خطے میں بن رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مرکز، ریاستی حکومتوں کے ساتھ مل کر تعلیم، سڑکوں، ریلوے اور ہوابازی کے شعبوں میں ترقی کو فروغ دے رہا ہے۔ گزشتہ 11 برسوں میں 10 نئے ہوائی اڈے بنائے گئے ہیں جبکہ منی پور اور میگھالیہ کو پہلی بار ریلوے نقشے میں شامل کیا گیا ہے۔


